سعودی عرب میں اسپتال میں آگ لگنے سے 31 افراد جاں بحق، 110 زخمی

ویب ڈیسک  جمعرات 24 دسمبر 2015
ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے فوٹو: العربیہ

ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے فوٹو: العربیہ

ریاض: سعودی عرب کے شہر جازان میں ایک اسپتال میں آگ لگنے سے 31 افراد جاں بحق جب کہ 110 زخمی ہو گئے۔

سعودی عرب کی شہری دفاع کے مطابق سعودی عرب میں یمن کی سرحد کے قریب شہر جازان کے جنرل اسپتال میں جمعرات کی علی الصبح آگ لگ گئی۔ شہری دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ آگ نے سب سے پہلے اسپتال کی پہلی منزل میں واقع زچہ بچہ وارڈ کو اپنی لپیٹ میں لیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اسپتال کے دیگر حصے بھی اس کی لپیٹ میں آگئے۔

سعودی حکام کے مطابق شہری دفاع کے 20 بریگیڈز اور دوسرے اداروں کے رضاکاروں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور آگ پر قابو پایا۔ حکام نے واقعے میں 31 افراد کے جاں بحق جب کہ 110 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم جائے وقوعہ پر موجود سعودی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔