بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کا 139 واں یوم پیدائش منایا گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 25 دسمبر 2015

کراچی / اسلام آباد: بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کا 139 واں یوم پیدائش منایا گیا۔

بابائے قوم کے 139ویں یوم پیدائش کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد قائد اعظم محمد علی جناح اور پاکستان کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

بانی پاکستان کے یوم ولادت پر مرکزی تقریب مزارقائد پر ہوئی جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاک و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ صدرممنون حسین، گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے مزارقائد پرحاضری دی اور پھولوں کی چادرچڑھائی۔

وزیراعظم نوازشریف نے قائداعظم محمدعلی جناح کے یوم ولادت پراپنے پیغام میں کہا کہ آزادی کی تحریک میں قائداعظم کی شخصیت روشنی کے بلند مینارکی حیثیت رکھتی ہے، قائداعظم کی پُرعزم قیادت نے برصغیرکے مسلمانوں کوایک لڑی میں پرودیا، ہمیں قائداعظم کی اتحاد، ایمان اورنظم وضبط کی تلقین کو دوبارہ تازہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم کو یاد کرنےکا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کےکردارسے رہنمائی لیتے رہیں جب کہ قوم کو قائداعظم کے بتائے ہوئے مقصد کے لیے متحد ہونا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔