بنگلہ دیش نے جذبہ خیرسگالی کا مثبت جواب دے دیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 25 دسمبر 2015
بورڈکی جانب سے پاکستان سپر لیگ کیلیے پلیئرزکواین او سی جاری کرنے کا اعلان فوٹو: وکی پیڈیا/فائل

بورڈکی جانب سے پاکستان سپر لیگ کیلیے پلیئرزکواین او سی جاری کرنے کا اعلان فوٹو: وکی پیڈیا/فائل

ڈھاکا:  بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستانی جذبہ خیرسگالی کا مثبت جواب دے دیا، پاکستان سپر لیگ کیلیے اپنے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے، ٹوئنٹی 20 کی یلغار کے باوجود  زمبابوے سے ایک ٹیسٹ بچالیا گیا، دوسرے پانچ روزہ مقابلے کی جگہ تین محدود اوورز کے میچز کھیلے جائیں گے، نئے سال پر کھلاڑیوں کو معاوضوں میں اضافے کی خوشخبری بھی سنا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کھیلنے کی اجازت دے کر جذبہ خیرسگالی کا اظہار کیا جس کا اب بی سی بی نے بھی مثبت جواب دے دیا، بورڈ نے ہاپنے کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کیلیے این او سی جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے،کھلاڑیوں کی فروری میں یو اے ای میں شیڈول ایونٹ میں شرکت مکمل فٹنس سے مشروط ہوگی۔

گذشتہ روز بنگلہ دیشی بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اپنے کھلاڑیوں کو پاکستانی لیگ میں شرکت کیلیے این اوسی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اسی میٹنگ میں کئی دیگر تجاویز بھی پیش کی گئیں جس میں زمبابوے کے خلاف 2 ٹیسٹ کی ہوم سیریز کو ایک ٹیسٹ اور تین ٹوئنٹی 20 تک محدود کرنا بھی شامل ہے۔

ہیڈ کوچ چندیکا ہتھورا سنگھے چاہتے تھے کہ ٹیسٹ میچز کے بجائے اس ٹور میں پانچ ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے جائیں تاکہ اس طرز کے ورلڈ ایونٹ کی تیاری ہوسکے ، اس تجویز کے کچھ بورڈ حکام بھی حامی تھے تاہم کرکٹ کمیٹی نے ٹیسٹ میچز کو یکسر طور پر نظر انداز کرنے کے بجائے ایک ٹیسٹ اور تین ٹوئنٹی 20 کی تجویز دے دی۔

اس کے ساتھ کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کو نئے سال میں تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کی بھی خوشخبری سنادی گئی ہے۔ ایک تجویز ایشیا کپ سے قبل بھارتی شہر دھرم شالا میں ٹریننگ کیمپ لگانے کی بھی تھی مگر اس سے اتفاق نہیں کیاگیا، کمیٹی نے آئندہ برس کے آغاز پر انڈر 19 ورلڈ کپ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔