قائد اعظم کی شخصیت تمام پاکستانیوں کے لیے مشعل راہ ہے، صدرممنون

ویب ڈیسک  جمعـء 25 دسمبر 2015
بانی پاکستان کو یاد کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کریں، وزیراعظم. فوٹو:فائل

بانی پاکستان کو یاد کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کریں، وزیراعظم. فوٹو:فائل

 اسلام آباد: قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم کی شخصیت تمام پاکستانیوں کے لیے مشعل راہ ہے.

ایکسپریس نیوزکے مطابق صدرمملکت ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم کی جرأت اورپختہ عزم نے لاکھوں افراد کو ان کا گرویدہ بنا دیا ،قائد اعظم کی کردارکی طاقت ہم سب کے لیے روشن مثال ہے جسے سامنے رکھتے ہوئے ملک میں انتہا پسندی اورعسکریت پسندی کی قوتوں کو شکست دینے، جمہوریت، آئین اورقانون کی حکمرانی اور بالادستی کی کوششوں کے لیے قومی اتحاد قائم کیا جاسکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس تاریخی موقع پرملک میں اتحاد کے قیام اور سوچ وعمل پراسلام کی عظمت کو غالب لانے کے لیے ہمیں خود کو وقف کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نواز شریف نے یوم قائد پراپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی شخصیت ہم سب کے لیے روشن مینار ہے، بانی پاکستان کو یاد کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کریں ، قائد اعظم کا یوم پیدائش اتحاد ،تنظیم اورایمان کا درس دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فلسفے کے مطابق پاکستان سے عدم برداشت کے رویے کو ختم کیا جائے گا جن کی پرعزم قیادت نے برصغیرکے مسلمانوں کوایک لڑی میں پرودیا ہے۔

گورنرسندھ ڈاكٹرعشرت العباد خان نے قائد اعظم محمد علی جناح كے يوم پيدائش كے موقع پرپيغام میں کہا ہے کہ آج كا دن ہمارے لئے انتہائی اہم ہے ، بابائے قوم كو خراج عقيدت پيش كرنے كا بہترين طريقہ ان كے رہنمااصولوں  تنظيم ، اتحاد اور يقين محكم پرعمل ہے اور يہی وہ اصول ہيں  جن كے ذريعے ہم ملک كو مستحكم ، خوشحال اور ترقی يافتہ بنا سكتے ہيں ۔ ان کا کہنا تھا کہ تاريخ گواہ ہے كہ دنيا ميں وہی قوميں سربلند رہی ہيں جو اپنے اسلاف كے كارناموں  كو رہنماركھتے ہوئے منزل كی طرف گامزن رہيں ہوں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے یوم قائداعظم پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ  قائد اوران کے رفقاء نے نظام عدل کے قیام کیلئے الگ ملک بنایا۔ قائداعظم نے انتہائی نازک دورمیں مسلمانوں کی قیادت کی جو بہت مشکل عمل  تھا، 68 سال بعد بھی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا ایجنڈا نامکمل ہے، چیلنجز کا حل قائد کے افکار کی روشنی میں تلاش کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدل و انصاف کے بغیرمعاشرتی تفریق کا خاتمہ ممکن ہی نہیں ہے جب کہ قوم آزاد اسلامی مملکت کے قیام پر قائداعظم کی احسان مند ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے قائد اعظم کے 139ویں یوم ولادت کےموقع پرپیغام میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح بے باک، مخلص اور باکردار لیڈر تھے، برصغیرکےمسلمانوں کے لیے پاکستان قائداعظم کی طرف سے ایک عظیم تحفہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد کے پاکستان میں دہشت گردی،انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں جس سے جنگ جاری رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔