پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے آج کرسمس کا تہوار منایا

ویب ڈیسک  جمعـء 25 دسمبر 2015
عیسائی برادری نے اپنے گھروں اور گرجا گھروں کو برقی قمقموں سے بڑی خوبصورتی سے سجا رکھا ہے. فوٹو: فائل

عیسائی برادری نے اپنے گھروں اور گرجا گھروں کو برقی قمقموں سے بڑی خوبصورتی سے سجا رکھا ہے. فوٹو: فائل

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے آج کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔

کرسمس کی مرکزی تقریب ویٹی کن میں ہوئی جب کہ پاپائے کلیسا پوپ فرانسس نے سینٹ پیٹرز بلسیکا میں دعائیہ تقریب کلمات کہے اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی زندگی کا درس دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ہمیں سادہ اور متوازن زندگی گزارنے کا سبق دیا لیکن آج معاشرے میں وسائل کا بے دریغ استعمال اور دکھاوے کا نشہ بڑھتا جا رہا ہے۔ امریکا، برطانیہ، فرانس، روس، چین، افغانستان، عراق، شام اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں بھی کرسمس منائی جا رہی ہے۔

پاکستان میں بھی رات 12 بجتے ہی کراچی میں سینٹ جونز چرچ، لاہور میں کیتھڈریل چرچ اور پشاور کے کیتھولک چرچ میں کرسمس کے حوالے سے مناجات کا اہتمام کیا گیا اور دعائیہ گیت گائے گئے۔ مسیحی برادری نے پاکستان کی خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ گرجا گھروں میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔ مسیحی برادری کے افراد کرسمس کے موقع پر اپنی مذہبی رسومات کو ادا کرتے ہیں اور قبرستانوں کا رخ کر کے اپنے پیاروں کو یاد کرتے ہیں۔

ملک بھر میں رہنے والی عیسائی برادری نے اپنے گھروں اور گرجا گھروں کو برقی قمقموں سے بڑی خوبصورتی سے سجا رکھا تھا جب کہ مسیحی محلوں میں سانتا کلاز بچوں میں تحفے تحائف تقسیم کئے۔ مسیحی برادری کے افراد نے اپنے گھروں میں کرسمس ٹری کو دلفریب انداز میں آرائشی سازوسامان سے سجایا۔

کرسمس کے موقع پر سیکیورٹی بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے گرجا گھروں کے باہر اضافی نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، چاروں صوبوں کے گورنر و وزیراعلیٰ نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور پاکستان کے لئے ان کی خدمات کو سراہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔