سعودی حکومت کا حج و عمرہ زائرین کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 25 دسمبر 2015
حرم شریف میں انٹرنیٹ کی مفت فراہمی سمیت 30 جدید سہولیات کا پیکیج تیار کیا گیا ہے، فوٹو: فائل

حرم شریف میں انٹرنیٹ کی مفت فراہمی سمیت 30 جدید سہولیات کا پیکیج تیار کیا گیا ہے، فوٹو: فائل

ریاض: سعودی حکومت نے حرم شریف میں حج و عمرے کی سعادت حاصل کرنے والوں کے لیے جدید سہولتوں کی فراہمی کا اعلان کیا ہے جس میں انٹرنیٹ کی سہولت بھی شامل ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے حج و عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کے لیے حرم شریف میں 30 جدید ترین سہولیاتی پیکج تیار کیا گیا ہے جن میں بعض سہولیات پر کام جاری ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق حرم شریف کے انتظامی حکام نے بتایا کہ مسجد الحرام میں نابینا افراد کے لیے برئیل سسٹم کے ذریعے قرآن پاک کی تلاوت، اسمارٹ موبائل فون ایپلی کیشنز اور مفت انٹرنیٹ سروسز سمیت موبائل فون کی چارگنگ جیسی سہولیات فراہم کی جارہی ہے جو بلاتعطل جاری رہیں گے۔ خبر ایجنسی کے مطابق کچھ سروسز حرم شریف کے مختلف حصوں میں رکھی گئی ہیں جب کہ بعض الگ الگ سروسز بھی مہیا کی گئی ہیں اور انہیں حرم کے باہر کے مقامات پر مہیا کیا گیا ہے۔

دوسری جانب  مسجدالحرام کے شعبہ طہارت کے حکام کے مطابق عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے معتمرین کی خدمت کرنے کے لیے 2200  رضا کار مامور ہیں جنہیں 4078 جدید ترین آلات اور مشینوں سے لیس کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق رضاکاروں کی تعداد اور جدید آلات میں اضافہ کرنے کا مقصد صرف معتمرین زائرین کو بیت اللہ کی زیارت کے دوران سہولت اور آسانی فراہم کرنا اور مناسک عمرہ کی ادائیگی میں ان کی معاونت ہے۔ حکام نے بتایا کہ مسجد الحرام کے داخلی دروازوں کے ساتھ منسلک 10 لاکھ ریک زائرین کے جوتوں کے لیے بنائے گئے ہیں جب کہ اوسطاً 20 ٹن یومیہ کوڑا جمع کرکے تلف بھی کیا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔