جے یو آئی کے رہنما خالد سومرو کے قتل کا مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجنے کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 دسمبر 2015

 کراچی: حکومت سندھ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما خالد محمود سومرو کے قتل کا مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے جے یو آئی رہنما خالد سومرو کے قتل کا مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجنے کے لئے سمری ایپکس کمیٹی کو ارسال کر دی ہے تاہم مقدمہ فوجی عدالت میں بھیجنے کا حتمی فیصلہ وزارت داخلہ نے کرنا ہے۔ ترجمان کے مطابق مقدمہ فوجی عدالت بھیجنے کی یقین دہانی کے باوجود جے یو آئی (ف) کی جانب سے دھرنے اور بے نظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کرنے والے قافلوں کو روکنا افسوسناک ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے خالد سومرو کے قتل کا مقدمہ ملٹری کورٹ میں بجھوانے کی یقین دہانی کے بعد جے یو آئی (ف) نے سندھ کے مختلف شہروں میں ہونے والے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر خالد محمود سومرو کو سکھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔