این اے 122 میں دھاندلی ثابت کرنے سپریم کورٹ جائیں گے، عمران خان

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 دسمبر 2015
تحریک انصاف کبھی دھاندلی کے معاملے کو ختم نہیں ہونے دے گی، چیئرمین پی ٹی آئی، فوٹو: فائل

تحریک انصاف کبھی دھاندلی کے معاملے کو ختم نہیں ہونے دے گی، چیئرمین پی ٹی آئی، فوٹو: فائل

کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی کبھی دھاندلی کے معاملے کو ختم نہیں ہونے دے گی جب کہ ہم نے این اے 122 کا الیکشن دوبارہ لڑا تب بھی اس میں دھاندلی کی گئی جسے ثابت کرنے کے لیے اب سپریم کورٹ جائیں گے۔

کراچی میں انصاف ہاؤس پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کبھی دھاندلی کے معاملے کو ختم نہیں ہونے دے گی، ہم نے این اے 122 کا الیکشن دوبارہ لڑا جس میں دوبارہ دھاندلی کی گئی تاہم این اے 122 میں دھاندلی ثابت کرنے کے لیے سپریم کورٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی خامیاں دور کرنے کے بعد لودھراں کا الیکشن 40 ہزارووٹوں سے جیتا جب کہ جوڈیشل کمیشن نے ثابت کیا کہ لودھراں کا پچھلا الیکشن شفاف نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کہا کہ جن لوگوں نے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کو نقصان پہنچایا ان کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے جب کہ ہم اپنی ساری غلطیوں کا جائزہ لیں گے۔

عمران خان کی انصاف ہاؤس آمد پر پارٹی کارکنان نے کراچی قیادت کے خلاف احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ کارکنان نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم کی گئی لہٰذا علی زیدی کو پارٹی سے نکال کر فوری طور پر انٹرا پارٹی الیکشن کرائے جائیں جس پر عمران خان نے مشتعل کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 10 یا 15 افراد احتجاج کرکے کسی کو گھر نہیں بھیج سکتے، علی زیدی گھر نہیں جائیں گے تاہم نعرے لگانے والے چلے جائیں گے۔

کارکنان کے احتجاج پر چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ زندہ قومیں ہی احتجاج کرتی ہیں جب کہ احتجاج کرنے سے مجھے دکھ نہیں بلکہ خوشی ہوئی اور میں نعروں اوراحتجاج سے نہیں ڈرتا اور نہ کبھی بلیک میل ہوتا ہوں۔ عمران خان نے جلد سے جلد پارٹی انتخابات کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے الیکشن صاف شفاف نہیں ہوئے تاہم اس بار ایسا نہیں ہوگا اور اب کارکنان خود اپنی لیڈرشب منتخب کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔