پیرومیں پہاڑوں سے لٹکے ہوٹل جو کمزور دل افراد کے لیے نہیں

ویب ڈیسک  اتوار 27 دسمبر 2015
ایک ہزار312 میٹربلندی پرقائم ان ہوٹلوں میں ایک رات کے قیام کیلئے 300 ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ فوٹو: فائل

ایک ہزار312 میٹربلندی پرقائم ان ہوٹلوں میں ایک رات کے قیام کیلئے 300 ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ فوٹو: فائل

کیوسکو: جنوبی امریکی ریاست پیرو میں ایک خطرناک چوٹی پر کیپسول نما ہوٹل تعمیر کیے گئے جن میں بیٹھ کر اس وادی کا نظارہ کیا جاسکتا ہے لیکن اس کے کمرے شہد کے چھتے کی طرح لٹکے ہوئے ہیں جہاں بیٹھ کر کمزور دل افراد کچھ خوف محسوس کرتے ہیں۔

یہ کھوکے نما شیشے کے ہوٹل کم ازکم ایک ہزار 312 میٹر بلندی پر قائم کئے گئے ہیں جہاں بیٹھ کر سیاح چاروں طرف بلکہ نیچے کا نظارہ بھی کرسکتےہیں۔ اسی لیے مہم جوئی کے شائقین یہاں آکربہت خوش ہوتے ہیں اور خوف و حیرت کے ساتھ اس خوبصورت وادی کا نظارہ کرتے ہیں۔

ایسے تین کیپسول نما کمرے یہاں موجود ہیں جن میں ہرایک 24 فٹ لمبا اور8 فٹ بلند ہے جسے خلا میں استعمال ہونے والے المونیم اور موسمیاتی اثرات سے بچاؤ والے پولی کاربونیٹ سے تیارکیا گیا ہے۔ اس میں ایک باتھ روم، الگ کمرہ، چاربیڈ اورکھانے کا کمرہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ اعلی معیارکے بستر، چادراوردھوپ سے بچاؤ کے لئے پردے بھی لٹکائے گئے ہیں۔

اگرچہ یہ ایک خطرناک مقام ہے لیکن کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ان کا ہرگھر بالکل محفوظ ہے لیکن یہاں پہنچنے کے لیے بھی دل گردے کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ ان خطرناک ہوٹل تک پہنچنے کا راستہ صرف وہی طے کرسکتے ہیں جنہیں پہاڑوں پرچڑھنے کا تجربہ ہوتا ہے۔ سیاحتی کمپنی نے خاص انداز سے یہاں تک پہنچنے کا راستہ بنایا ہے جس میں سیڑھیاں، پل اور کیبل سے جڑ کرسفرطے کیا جاتا ہے۔ ہوٹل انتظامیہ کے مطابق ہرہر کوئی شخص تھوڑی ہمت کرکے یہاں پہنچ سکتا ہے کیونکہ انہیں ہرطرح کی رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔

عمر بھر یاد رہنے والی اس اہم تفریح کے لیے آپ کو 300 ڈالر ( پاکستانی 30 ہزارروپے) ادا کرنے ہوں گے جس کے بدلے آپ ایک رات اس ہوٹل میں قیام کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔