پاکستان اور افغانستان کا ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دینے پراتفاق

ویب ڈیسک  اتوار 27 دسمبر 2015
جنرل راحیل شریف اورافغان قیادت کے درمیان انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے سے سرحد پاردہشت گردی ختم کرنے پراتفاق۔ فوٹو: این این آئی

جنرل راحیل شریف اورافغان قیادت کے درمیان انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے سے سرحد پاردہشت گردی ختم کرنے پراتفاق۔ فوٹو: این این آئی

کابل: سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے ایک روزہ دورہ کابل کے موقع پر افغان حکام سے ملاقاتیں کیں جس میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر میکنیزم کے قیام اور پاک افغان سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے پراتفاق کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق کابل میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف  نے افغان صدراشرف غنی، افغان چیف ایگزیکٹوعبداللہ عبداللہ اوراپنے ہم منصب سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پرخطے کی سیکیورٹی صورتحال،افغان امن عمل سےمتعلق مستقبل کے لائحہ عمل، افغان قیادت سے سیکیورٹی امور اور انٹیلی جنس معلومات کےتبادلے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران سرحد کے دونوں اطراف انسداددہشت گردی آپریشن میں تعاون کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے اتفاق کیا گیا کہ انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے سے سرحد پاردہشت گردی کوختم کیاجائے گا اورتشدد کے راستے سے نہ ہٹنے والےعناصرسے باہمی طے شدہ فریم ورک کے تحت نمٹاجائے گا جس کے لئے ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے نہیں دی جائے گی۔

سربراہ پاک فوج اورافغان قیادت کے درمیان افغان امن عمل کےدوبارہ آغاز کے لئے 4 فریقی فریم ورک پرعملدرآمد جاری رکھنے پراتفاق کیا گیا جب کہ چارفریقی ملاقاتوں کا پہلا دور جنوری میں شروع ہوگا اورافغان امن عمل کے تمام فریقین مفاہمتی عمل کی کامیابی کے لئے حمایت کریں گے۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی سرحد پار نقل و حرکت کی روک تھام کے لئے موثر طریقہ کار کی ضرورت ہے اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کی جائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج کی افغان قیادت سے ملاقات کے دوران افغانستان اور پاکستان کےڈی جی ایم اوزکے درمیان ہاٹ لائن قائم کرنے اور فوجی حکام کے ایک دوسرے کے ملک کے دورے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ ترجمان کے مطابق جنرل راحیل شریف نے بگرام بیس کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے افغانستان میں امریکی فورسز کے سربراہ جنرل جان کیمبل سے ملاقات کی جس میں افغان مفاہمتی عمل سمیت سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے ایوان صدرمیں افغان صدراشرف غنی سے ملاقات کی جس میں افغان مفاہمتی عمل اورسرحدی امورسمیت خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرافغان صدرکا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات طالبان سے امن مذاکرات کے حوالے سے مفید ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے افغان ہم منصب سے بھی ملاقات کی جس کے بعد انھیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔