پاکستان میں پھر زلزلے کے جھٹکے

ایڈیٹوریل  پير 28 دسمبر 2015
شمالی علاقہ جات میں بڑے ڈیم یا اسٹرٹیجک حوالے سے کوئی تنصیب قائم کرنے سے پہلے زلزلے کے حوالے سے مکمل حقائق کو پرکھ لیا جائے۔ فوٹو: فائل

شمالی علاقہ جات میں بڑے ڈیم یا اسٹرٹیجک حوالے سے کوئی تنصیب قائم کرنے سے پہلے زلزلے کے حوالے سے مکمل حقائق کو پرکھ لیا جائے۔ فوٹو: فائل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوااور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شپ تقریباً سوا بارہ بجے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیماء مرکز کے مطابق ریکٹرسکیل پر زلزلہ کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی، اس کا مرکز کوہ ہندوکش اور گہرائی 197 کلومیٹر تھی، زلزلہ کے باعث لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، راولپنڈی اسلام آباد میں خوش قسمتی سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ذمے داران نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ زلزلے سے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ برقرار ہے۔ بھارت میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں زلزلے آنے کے امکانات موجود ہیں۔

گزشتہ چند برسوں کی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان میں خاصے زلزلے آئے ہیں۔ شمالی علاقہ جات میں معمولی درجے کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔ زلزلہ قدرتی آفت کے زمرے میں آتا ہے تاہم جس تواتر سے پاکستان میں زلزلوں کے جھٹکے محسوس کیے جا رہے ہیں‘ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس صورت حال کو سامنے رکھ کر اپنے اہم منصوبے بنائے۔ خصوصاً شمالی علاقہ جات میں بڑے ڈیم یا اسٹرٹیجک حوالے سے کوئی تنصیب قائم کرنے سے پہلے زلزلے کے حوالے سے مکمل حقائق کو پرکھ لیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔