ہٹ اینڈ رن کیس؛ سلمان کا مہاراشٹرا حکومت کیخلاف سپریم کورٹ میں مقدمہ لڑنے کا اعلان  

ویب ڈیسک  پير 28 دسمبر 2015
مہارشٹرا حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر اپنی بے گناہی کا مقدمہ اعلیٰ عدلیہ میں بھی لڑوں گا، بالی ووڈ اسٹار، فوٹو: فائل

مہارشٹرا حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر اپنی بے گناہی کا مقدمہ اعلیٰ عدلیہ میں بھی لڑوں گا، بالی ووڈ اسٹار، فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان نے کہا ہے کہ مہاراشٹرا حکومت میری سزا کے خلاف اپیل کا حق رکھتی ہے تاہم اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے سپریم کورٹ بھی جاؤں گا۔

بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو ممبئی ہائی کورٹ نے  مشہور زمانہ مقدمے ہٹ اینڈ رن کیس سے بری کردیا تھا جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا تھا جب کہ سلو میاں اپنے وکلا کے ساتھ رہائی کاجشن منارہے تھے کہ مہارشٹرا حکومت نے ان کی بریت کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا جس پر دبنگ خان نے اپنی بےگناہی ثابت کرنے کے لیے سپریم کورٹ بھی جانے کا اعلان کیا ہے۔

اداکار سلمان خان کا اپنی سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہٹ اینڈ رن کیس سے بری ہونے پر خوشی سے نہال ہوں جس کی سب سے بڑی وجہ والدین کے سر سے ایک بڑی پرییانی ختم ہونا ہے جب کہ مہاراشٹرا حکومت میری سزا کے خلاف اپیل کا حق رکھتی ہے اور ان کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر اپنی بے گناہی کا مقدمہ اعلیٰ عدلیہ میں بھی لڑوں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ممبئی ہائی کورٹ نے سلمان خان کو ہٹ اینڈ رن کیس میں تمام الزامات سے بری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی 5 سال قید کی سزا بھی کالعدم قراردے دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔