یمن میں اتحادی افواج کے فضائی حملے، 70 سے زائد حوثی باغی ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 29 دسمبر 2015
مختلف مقامات پر فضائی حملوں کے دوران باغیوں کے 3 اہم مراکز کو بھی تباہ کردیا گیا، فوٹو: فائل

مختلف مقامات پر فضائی حملوں کے دوران باغیوں کے 3 اہم مراکز کو بھی تباہ کردیا گیا، فوٹو: فائل

صنعاء: یمن میں سعودی اور حکومتی فوج کی جانب سے فضائی حملوں  میں 70 سے زائد حوثی باغی ہلاک ہوئے جب کہ ان کے تین اہم مراکز کو بھی تباہ کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے جنوب مغربی شہر کے مقاما ت پرحوثی باغیوں اور اتحادی فوج میں جھڑپ ہوئی جس میں سعودی  اور حکومتی فوج نے مل کر حوثی باغیوں کے حملوں کوناکام بناتے ہوئے ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 18 باغی ہلاک ہوگئے جب کہ بحرالحمر کے ساحلی شہر المخا میں بھی 40 حوثی باغیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جہاں اتحادی طیاروں کی بمباری کے علاوہ زمینی کارروائی بھی کی گئی اور باغیوں کے تین اہم مراکز کو نشانہ بھی بنایا گیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق جھڑپوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے بھی ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شبہ گورنری میں فضائی حملے میں 8 باغیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ اتحادی طیاروں نے عسیلان کے پہاڑی علاقوں میں باغیوں کے میزائل لانچنگ اڈے کو بھی تباہ کردیا ہے ۔ شمالی گورنری صعدہ میں بھی حوثیوں کے زیر قبضہ ڈاریکٹوریٹ کو فضائی حملوں کا نشانہ بنا یا گیا جس میں 5 باغی ہلاک جب کہ شمالی صنعا میں بھی فضائی حملے میں 4 باغی ہلاک ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔