آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ اور بھارتی اسپنرایشون 2015 کے بہترین کھلاڑی قرار

ویب ڈیسک  جمعرات 31 دسمبر 2015
ٹیسٹ کے 10 بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں یونس خان چھٹے اور مصباح الحق 10ویں نمبر پر ہیں۔ فوٹو:فائل

ٹیسٹ کے 10 بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں یونس خان چھٹے اور مصباح الحق 10ویں نمبر پر ہیں۔ فوٹو:فائل

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ اور بھارتی اسپن بولر روی چندرن ایشون 2015 کے کامیاب ترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔

ڈربن اور میلبرن ٹیسٹ کے اختتام پر آئی سی سی کی جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں جب کہ اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت وہ سال 2015 کے کامیاب ترین بلے باز بھی ہیں۔ اسٹیون اسمتھ ہی گزشتہ ہفتے جاری ہونے والی رینکنگ میں سال کے بہترین کھلاڑی کے علاوہ سرگارفیلڈ سوبرٹرافی بھی اپنے نام کی تھی۔ بہترین بلے بازوں کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے، جوئے روٹ تیسرے، اے بی ڈیولیئرز چوتھے،ڈیوڈ وانر پانچویں، یونس خان چھٹے، انجیلو میتھیوز ساتویں، ہاشم آملہ آٹھویں، قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نویں اور السٹرکک دسویں نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی ٹاپ 10 بولرز کی فہرست میں بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون ایک درجہ ترقی پاکر پہلے نمبر پر آگئے جب کہ انہیں کارکردگی میں تسلسل کے باعث 2015 کا بہترین بولر بھی قرار دیا گیا ہے۔ ٹاپ 10 بولروں کی فہرست میں ڈیل اسٹٰین دوسرے اور اسٹارٹ براڈ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر آئی سی سی کی جانب سے معطلی کا سامنا کرنے والے پاکستانی لیگ اسپنر یاسرشاہ ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر ہیں۔

بہترین آل راؤنڈر کی فہرست میں کسی پاکستانی آل راؤنڈر نے جگہ نہ بنائی جب کہ بھارتی آل راؤنڈر روی چندرن ایشون پہلے، شکیب الحسن دوسرے، اسٹارٹ براڈ تیسرے ، وین فلینڈر چوتھے اور روندرا جدیجا پانچویں نمبر پر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔