ڈوپنگ معاملے میں یاسر شاہ کو بچانے کی پوری کوشش کریں گے، نجم سیٹھی

ویب ڈیسک  اتوار 3 جنوری 2016
کوشش ہو گی کہ اگر یاسر شاہ کو سزا بھی ہو تو کم سے کم ہو، سربراہ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی. فوٹو: فائل

کوشش ہو گی کہ اگر یاسر شاہ کو سزا بھی ہو تو کم سے کم ہو، سربراہ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی. فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ڈوپنگ ٹیسٹ معاملے میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کو بچانے کی پوری کوشش کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں یاسر شاہ ٹیم میں جلد واپس آ جائیں، پی سی بی یاسر شاہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا اور کوشش ہو گی کہ اگر یاسر شاہ کو سزا بھی ہو تو کم سے کم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے کئی سوالات اٹھائے گئے اور ان کی معافی قبول کرنے کے لئے عوامی دباؤ بھی تھا لیکن عامر کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا۔ پی سی بی عامر کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا لیکن عامر کو بھی دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا رویہ ٹھیک رکھنا ہو گا۔

پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے بی سی سی آئی کو وقت پر سیریز کی اجازت نہیں ملی لیکن امید ہے کہ نریندر مودی کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان برف پگھلے گی، آئندہ 6 ماہ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان مختصر سیریز ہونے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔