بھارتی فوج تیسرے روز بھی پٹھان کوٹ ایئربیس حملہ آوروں سے کلیئر نہ کرا سکی

ویب ڈیسک  پير 4 جنوری 2016
ایئربیس پر حملے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سمیت 11 بھارتی فوجیوں اور 6 حملہ آوروں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

ایئربیس پر حملے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سمیت 11 بھارتی فوجیوں اور 6 حملہ آوروں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

نئی دلی: بھارتی ریاست پنجاب کی پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کو 60 گھنٹوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود آپریشن تاحال جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پٹھان کوٹ ایئر بیس میں تیسرے روز بھی آپریشن جاری ہے، اس وقت بھی 2 حملہ آور ایئربیس کے اندر موجود ہیں اور 50 گھنٹے سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود ایئر بیس سے فائرنگ اور دھماکے کی آوازیں آ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شپ حملہ آوروں نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر 3 اطراف سے حملہ کیا۔ بھارتی میڈیا اور حکام کے مطابق فوجی وردیوں میں ملبوس 6 دہشت گردوں نے ایئر بیس پر حملہ کیا اور 2 روز بعد تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ایئر بیس کو حملے دوران لیفٹیننٹ کرنل سمیت 11 بھارتی فوجیوں اور 6 حملہ آوروں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

بھارت کی پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملہ اس وقت مشکوک بنا جب ایئربیس کے قریبی دکانداروں نے بتایا کہ وہ اپنی دکانیں روز رات 10 بجے بند کرتے ہیں لیکن حملے سے ایک روز قبل ان کی دکانیں شام 7 بجے ہی بند کروا دی گئیں اور ایئر بیس کے اطراف لگے بیرئیر بھی ہٹا دیئے گئے جب کہ حیرت بھی بات یہ تھی کہ حملہ آور دو روز تک ایئر بیس کے اندر موجود رہے لیکن دفاعی تنصیبات کو کوئی نقصان تک نہ پہنچا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔