من پسند احتساب اور مقدس گائےکا نظریہ بدترین قسم کی کرپشن ہے، آصف زرداری

ویب ڈیسک  پير 4 جنوری 2016
نوجوان پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کے فلسفہ کو سمجھیں،آصف زرداری . فوٹو: فائل

نوجوان پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کے فلسفہ کو سمجھیں،آصف زرداری . فوٹو: فائل

دبئی: سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ من پسند احتساب، مقدس گائےکانظریہ،دہرا معیار بھی بدترین قسم کی کرپشن ہے اور سیاسی جوڑ توڑ کے لئے کرپشن کا نام استعمال کرنا بھی کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔

پیپلزپارٹی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کی 87ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کے لئے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج ہم آئین کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جب کہ پیپلزپارٹی پر کرپشن کے بے جا الزامات لگائے جاتے رہے ہیں، من پسند احتساب، مقدس گائےکانظریہ،دہرا معیار بھی بدترین قسم کی کرپشن ہے اور سیاسی جوڑ توڑ کے لئے کرپشن کا نام استعمال کرنا بھی کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ریاستی عناصر ‘کےذریعے ملکی سلامتی کوداؤ پرلگانےوالوں کااحتساب کیا جائے، پی سی او کے تحت حلف اٹھا کرآئین سےروگردانی کرنے والوں کا بھی احتساب ہوناچاہیے۔

پیپلزپارٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کے فلسفہ کو سمجھیں اوراس کا مطالعہ کریں، نوجوان عہد کریں کہ کسی بھی شخص یا ادارے کو زبردستی اقتدارپرقبضہ نہیں کرنے دیں گے اور یہ بھی عہد کریں کہ مذہب کے نام پر کسی بھی انتہا پسند کو اقتدار پرقبضہ نہیں کرنے دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔