پاکستان اور بھارت میں بڑی سیریز ہونی چاہیے، ظہیرعباس

اسپورٹس رپورٹر  منگل 5 جنوری 2016
آئی سی سی سمیت ہر کوئی روایتی حریف ٹیموں کو آپس میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے، ظہیر عباس ۔۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی سمیت ہر کوئی روایتی حریف ٹیموں کو آپس میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے، ظہیر عباس ۔۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  صدرآئی سی سی اور سابق ٹیسٹ کپتان ظہیر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں مختصر کے بجائے بڑی سیریز ہونی چاہیے، کونسل سمیت ہر کوئی روایتی حریف ٹیموں کو آپس میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے ۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پاکستان میں مصنوعی روشنیوں میں میچ کا تجربہ اچھی کوشش ہوسکتا ہے، شاید اسی طرح سے لوگ دوبارہ اسٹیڈیم آنا شروع ہوجائیں۔

دوسری طرف سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون رشید نے کہا کہ یاسر شاہ سے غلطی ہوئی ہے، انھیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، یہ پاکستان کی بھی بدقسمتی ہے، ہم کوشش کررہے ہیں کہ آئی سی سی سے کم سے کم سزا ملے ، یاسر شاہ نے سچ بتا دیا ہے۔انھیں یہ حرکت نہیں کرنی چاہیے تھی، ہم کھلاڑیوں کو ممنوعہ ادویات کے حوالے سے آگاہ کرتے رہتے ہیں، انھیں اس حوالے سے تعلیم دی جاتی اور معلوم ہوتا ہے کہ استعمال کے کیا اثرات ہوں گے، واڈا قوانین اس حوالے سے بہت سخت ہیں، یاسر شاہ کے حوالے سے مقدمہ چلا تو ہی حقائق سامنے آئیں گے ۔

میڈیکل اور لیگل پینلز معاملے کو دیکھیں گے۔ محمد عامر کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ اس کی ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی بہتر رہی ہے، بی پی ایل میں اچھا پرفارم کرنے میں کامیاب رہا،اسی بنیاد پر موقع دیا جارہا ہے اگرویزہ ملا تو ٹی 20 اور ون ڈے مقابلوں میں شریک ہوں گے ، پی ایس ایل میں بھی عامر کو موقع دیا جائے گا ، انھوں نے کہا کہ سہیل تنویر سمیت کسی پر کرکٹ کے دروازے بند نہیں ہوئے، کوئی بھی کھلاڑی فٹنس اور کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں دوبارہ شامل ہوسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔