قائد اعظم ٹرافی فائنل؛ بلاول نے یو بی ایل کی بیٹنگ کو تہس نہس کر دیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 6 جنوری 2016
دوسری اننگز میں 8 شکار کرنے والے بلاول خوش گوار موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔ فوٹو : محمد نعمان

دوسری اننگز میں 8 شکار کرنے والے بلاول خوش گوار موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔ فوٹو : محمد نعمان

 کراچی:  بلاول بھٹی نے یو بی ایل کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرڈالا، طوفانی بولنگ کی بدولت سوئی ناردرن گیس کی ٹیم قائداعظم ٹرافی میں تیسری مرتبہ اعزاز کا دفاع کرنے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

تصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی پرپانچ روزہ فائنل دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔ 160 کا ہدف پانے والی سوئی ناردرن گیس کی ٹیم نے3 وکٹ پر56رنز بنالیے، مصباح الحق 4اور اظہر علی17رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، محمد حفیظ 17اور توفیق عمر 18رنز بناکر رخصت ہوگئے، حسین طلعت نے کھاتہ نہیں کھولا، رومان رئیس نے 19رنز کے عوض2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں یوبی ایل نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کو ایک وکٹ 17رنز سے شروع کیا، بلاول نے نامکمل اوور کی اختتامی گیند پر عمرصدیق (0) کو اپنا شکار بنایا، دوسرے پیسر عزیزاللہ نے شان مسعود (8) اور صہیب مقصود (2) کو ایک ہی اوور میں ٹھکانے لگا دیا، ابتدائی 4 وکٹیں 7 گیندوں کے درمیان محض2رنز کے اضافے سے گرگئیں،۔

اس مرحلے پر تجربہ کار یونس خان نے ہمت دکھاتے ہوئے 128 گیندوں پر 98رنز اسکور کیے، ان کی اننگز 16چوکوں سے مزین رہی، انھوں نے پانچویں وکٹ کیلیے حماد اعظم  (45) کے ہمراہ 141 رنز کی شراکت بنائی، ان دونوں کو بھی بلاول نے اپنا شکار بنایا،ان کے میدان بدر ہونے کے بعد یوبی ایل کی لوئر آرڈر نے ہتھیار ڈال دیے، اختتامی 6 وکٹیں محض 29رنز کے اضافے سے گرگئیں، بلاول نے مزید 5 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، یاصم مرتضیٰ16پر ناٹ آؤٹ رہے، گلریز صدف(1)،  رومان رئیس(4) کے بعد میر حمزہ اور احسان عادل کھاتہ نہیں کھول پائے، بلاول بھٹی نے56رنزکے عوض8وکٹیں  اپنے نام کیں، مجموعی طور پر میچ میں انھوں نے 11کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عزیز اللہ نے41رنز کے عوض2وکٹیں حاصل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔