ایفی ڈرین کیمیکل کی عدم دستیابی نزلہ، کھانسی اور الرجی کی دوا بازار سے غائب

طفیل احمد  جمعرات 1 نومبر 2012
 ایفی ڈرین سے تیارکی جانے والی دوائیں بنانے والی متعدد کمپنیوں کونوٹس دیے جانے کے بعد ان کمپنیوں نے دواؤں کی تیاری روک دی ہے۔  فوٹو : فائل

ایفی ڈرین سے تیارکی جانے والی دوائیں بنانے والی متعدد کمپنیوں کونوٹس دیے جانے کے بعد ان کمپنیوں نے دواؤں کی تیاری روک دی ہے۔ فوٹو : فائل

کراچی: سرد موسم کی آمدکے ساتھ مارکیٹ میںدمہ، نزلہ، زکام، کھانسی اورالرجی کی دوائوںکی شدیدقلت ہوگئی۔

یہ دوائیں ممنوعہ کیمیکل ایفی ڈرین سے تیارکی جاتی ہیں تاہم اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے ایفی ڈرین سے تیارکی جانے والی دوائیں بنانے والی متعدد کمپنیوں کونوٹس دیے جانے کے بعد ان کمپنیوں نے دواؤں کی تیاری روک دی ہے جس کے بعدادویات کی مارکیٹ سے تمام اقسام کے کھانسی کے شربت، الرجی کی دوائیں اورنزلہ زکام اوردمے میں استعمال ہونے والے دوائوںکی شدیدقلت ہوگئی جس کی وجہ سے مریضوںکو علاج کے حصول میں دشواریوںکا سامنا کرنا پڑرہا ہے، سرد موسم میں ان ادویات کی قلت کی وجہ سے سب سے زیادہ چھوٹے بچے متاثر ہورہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایفی ڈرین اسکینڈل کیس کے بعدبیشتر فارما اداروں نے ایفی ڈرین سے تیارکی جانے والی ادویہ کی تیاری بند کردی ہے ان ادویہ ساز اداروں کا کہنا ہے کہ نیب اور اینٹی نارکوٹکس حکام کی جانب سے ایفی ڈرین کیمیکل کے بارے میں پوچھ گچھ کے بعد ادویہ بنانا بند کردی ہیں، تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے ملک کی 25 سے زائد فارما کمپنیوں کو ایفی ڈرین کیمیکل کے بارے میں نوٹس جاری کرنے اوران ادویہ ساز اداروں سے ایفی ڈرین کیمیکل کے جاری کوٹے کے بارے میں پوچھ گچھ کے بعد ان فارما اداروں نے اس کیمیکل سے تیار کی جانے والی دوائیں بنانے سے معذرت ظاہر کردی ہے جس کے بعد ملک بھر میں تمام اقسام کے کھانسی کے شربت، نزلہ، زکام ، اینٹی الرجی اور دمہ میں استعمال کی جانے والی ادویہ کی شدید قلت ہوگئی ہے ۔

یہ ادویہ زیادہ طرح سردیوں کے موسم میں استعمال کی جاتی ہیں کیونکہ سرد موسم کی آمدکے ساتھ ساتھ نزلہ، زکام، کھانسی ،الرجی اور دمہ کے مرض کی شدت میں زیادہ اضافہ ہوجاتا ہے، مارکیٹ میںان دوائوں کی قلت کی تصدیق کرتے ہوئے کراچی ہول سیل اینڈ کیمسٹ کونسل کے صدر غلام محمد نورانی نے بتایا کہ کہ مارکیٹ میں کھانسی کے کئی سیرپ ،نزلے ،زکام اور دمے کی ادویہ وسیرب ناپید ہوگئی ہیں اور بعض مقامات میں یہ ادویات مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں ، غلام نورانی نے بتایا کہ ایفی ڈرین کیمیکل سے نیند، ذہنی سکون،دمہ، اینٹی الرجی تیار کی جاتی ہیں جو پاکستان میں زیادہ فروخت ہوتی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ان ادویات کی قلت کی وجہ سے مارکیٹ میں غیر معروف ہربل کمپنیوں کے غیر رجسٹرڈکھانسی کے شربت ، نزلے ،زکام کی ادویہ فروخت کی جارہی ہیں،واضح رہے کہ ملک کی 92 فارما کمپنیاں ایفی ڈرین کیمیکل کاکوٹا حاصل کرکے دوائیں تیارکرتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔