ملکی ترقی کیلیے اقتصادی راہداری منصوبہ سنہری موقع ہے، ایکسپریس فورم

اجمل ستار ملک  جمعـء 15 جنوری 2016
لاہور: ’’پاک چین اقتصادی راہداری پر اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات‘‘ کے حوالے سے منعقدہ ایکسپریس فورم میں پروفیسر حسن عسکری اظہار خیال کر رہے ہیں ،جنرل (ر) زاہد مبشر، ناصر سعید اور ڈاکٹر اعجاز موجود ہیں ۔  فوٹو : ایکسپریس

لاہور: ’’پاک چین اقتصادی راہداری پر اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات‘‘ کے حوالے سے منعقدہ ایکسپریس فورم میں پروفیسر حسن عسکری اظہار خیال کر رہے ہیں ،جنرل (ر) زاہد مبشر، ناصر سعید اور ڈاکٹر اعجاز موجود ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

 لاہور: ملکی معاشی ترقی کیلیے اقتصادی راہداری منصوبہ سنہری موقع ہے، وفاق کو جلد از جلد سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے چاہئیں، منصوبے کو مشترکہ مفادات کونسل میں لے جایا جائے، راہداری کا مشرقی روٹ 70 فیصد تیار ہے، فوج منصوبے کی ضامن ہے۔

ان خیالات کا اظہار تجزیہ نگاروں و بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے ’’پاک چین اقتصادی راہداری پر اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات‘‘ کے حوالے سے ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا، فورم کی معاونت کے فرائض احسن کامرے نے انجام دیے، ماہر تعلیم و دانشور پروفیسر حسن عسکری رضوی نے کہا کہ اس منصوبے کے حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کنفیوژن پیدا کر رہے ہیں، وہ ویژن 2025 و ترقی کے دیگر منصوبوں کو اقتصادی راہداری کے ساتھ ملا رہے ہیں جبکہ اقتصادی راہداری سے منسلک خاص منصوبوں پر کوئی بات نہیں کر رہے۔

حقیقت یہ ہے کہ 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے بارے میں گورنر اسٹیٹ بینک بھی لا علم ہیں کہ وہ کس حساب سے آئے گی، حکومت نے یہ منصوبہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کی وزارت کو دے دیا اور لوگ احسن اقبال پر اعتماد نہیں کر رہے لہٰذا وزیراعظم کو خود اس معاملے کو حل کرنا چاہیے، منصوبوں کی لسٹ جاری کرنی چاہیے، سیکیورٹی مسائل کا حل فوج نے کر دیا ہے، دفاعی تجزیہ نگار جنرل (ر) زاہد مبشر نے کہا کہ پوری قوم اس منصوبے کو بنانے پر متفق ہے لیکن ہمارے ہاں مسئلہ یہ ہے کہ حکومت اختیارات تو لینا چاہتی ہے لیکن ذمے داری لینا نہیں چاہتی، منصوبے کو مشترکہ مفادات کونسل میں کیوں نہیں لے جایا جاتا؟

خیبر پختونخوا میں حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت کو بھی اس منصوبے پر تحفظات ہیں، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں اس منصوبے کے مخالف سرگرم ہوچکی ہیں جب بھی ہمارے ملک میں کوئی بڑا منصوبہ آتا ہے تو اس کی مخالفت کی جاتی ہے۔

تجزیہ نگار ڈاکٹر اعجاز بٹ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی معاشی ترقی کیلیے بہت اہم ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں قومی مفادات کے منصوبوں پر ہمیشہ سیاست کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور یہ سمجھا جاتا ہے کہ پنجاب تمام معاملات کو اپنے کنٹرول میںکر لے گا، مغربی روٹ تیار نہیں ہے اور وہاں مسائل بھی زیادہ ہیں جبکہ مشرقی روٹ 70فیصد تیار ہے، موٹر ویز کو ہی کوریڈور سے لنک کیا جائے گا لہٰذا مشرقی روٹ مکمل کر کے اس کے پیسے سے بعدازاں مغربی روٹ بن سکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔