نیا راستہ

ذیشان الحسن عثمانی  اتوار 31 جنوری 2016
یہ محبت ایسی ہے جس کی ہر صبح نئی ہوتی ہے۔ نئے رنگ، نئی خوشبو، نئی راہیں، نئی منزل۔ یہ وہ راستہ ہے جس کے قدم خود منزل چومتی ہے۔ فوٹو:فائل

یہ محبت ایسی ہے جس کی ہر صبح نئی ہوتی ہے۔ نئے رنگ، نئی خوشبو، نئی راہیں، نئی منزل۔ یہ وہ راستہ ہے جس کے قدم خود منزل چومتی ہے۔ فوٹو:فائل

کامیابی اور اس کی مانگ ہمیشہ ایک جیسی ہوتی ہے، دنیا کا ہر شخص ’’بڑا آدمی‘‘ بننا چاہتا ہے اور کم و بیش ہر ایک کی بڑے آدمی کی تشریح پیسوں سے شروع ہو کر شہرت پر ختم ہوجاتی ہے۔ کچھ علم، ہنر، اَنا اور حسن کو بھی شمار کرتے ہیں تو کچھ تہذیب و تمدّن کا تڑکا لگانے کے لئے فنونِ لطیفہ اور ماحول سے محبت کو بھی شامل کر دیتے ہیں۔

مگر کامیابی کی تقسیم برابر نہیں ہوتی۔ ایک عجیب نہ سمجھ میں آنے والا نظام ہے۔ عجیب بانٹ ہے، کوئی الگ ہی حساب ہے۔ کون امیر، کون غریب۔ اللہ والے کبھی محتاج رہ جائیں تو مشرک و کافر ارب پتی ٹھہرے۔ عاجز و مجبور دنیا میں مشہور ہوجائیں تو سرمایہ دار و حکمران ذلیل ٹھہریں، بھوکوں کے دسترخوانوں سے زمانہ کھائے تو متمول ساہوکار ایسی بیماریوں میں گھر جائیں کہ زندگی پرہیز کرے۔

کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ کوئی نیا راستہ یا انوکھا طریقہ تو ایسا ہوگا کہ انسان کامیابی کے اِس سراب سے بچ کر اصل منزل  کی طرف گامزن ہوسکے۔ وہ کیا بنیادی جزئیات ہوں کہ آدمی اِن سوچوں سے ماورا ہو کر پرواز کرسکے۔ کون سے ایسے اخلاق ہوں جو اس کی ایسی وادیِ خاردار میں رہنمائی کریں، وہ کون سے اصول ہوں جو نفس کی اندھیری رات میں امید کی شمع جلائیں، اور وہ کون سا ایسا تعلق ہے جو مایوسی کی دلدل سے باہر نکالے۔

شاید آدمی کو کبھی جھوٹ نہیں بولنا چاہیئے اور کتابوں سے محبت کرے اور حرام نہ کھائے۔ جھوٹ سے اتنی ہی نفرت کرے جتنی ہم سوّر سے کرتے ہیں، یا شاید یہ کہ آدمی کسی کی بھی تحقیر نہ کرے۔ نہ باتوں سے، نہ اشاروں سے، نہ باڈی لینگویج سے، نہ گمان میں نہ خیال میں۔ یا شاید یہ کہ کوئی بندہ اُس کی موجودگی میں خوف میں مبتلا نہ ہو کہ کب کیا ہوجائے یا یہ کہ ہمیشہ مسکرا کر بات کرے، اچھے اخلاق سے پیش آئے۔

جتنا میں اِس بارے میں سوچتا ہوں سوچ کے تانے بانے ایک لفظ پر آکر ٹوٹ جاتے ہیں۔ جدھر سے چاہے شروع کروں اختتام اِسی لفظ پر ہوتا ہے اور وہ لفظ ہے محبت۔ بندہ جب اللہ سے محبت کا اعتراف کرلیتا ہے اور اس پر کام کرنا شروع کردیتا ہے تو وہ تمام جزئیات، اصول اور تکنیک اسے آتی چلی جاتی ہیں جو اس نئے راستے کا پتہ دیتی ہیں کہ جس میں فقیر بھی غنّا ہے، جس میں محرومی بھی انعام ہے، جس میں دکھ بھی خوشی ہے، جس میں اس کا چاہے جانا، اس کی منشاء، اس کے کام، اس کی رضا سب کچھ ہے اور بندے کی گردن فرطِ جذبات سے خم ہے۔ ایسا بندہ، اللہ سائیں کو کاپی کرنا شروع کردیتا ہے۔ اللہ کی شان نہیں کہ وہ مخلوق کو رسوا کرے۔ یہ بندہ بھی کبھی کسی کو شرمندہ نہیں کرتا۔ اللہ سائیں کی شان نہیں کہ دروازہ بند کرے۔ اللہ کی شان نہیں کہ مانگنے والے کو خالی ہاتھ واپس کردے۔ بندے اور اللہ کا موازنہ ہی کیا بس یہ اپنے تئیں جو بن پڑے وہ کرتا جاتا ہے۔

محبت ہی وہ راستہ ہے جو دنیا کے سراب سے پردہ اٹھاتا ہے اور یہ ایک ایسی محبت ہے جس کی ہر صبح نئی ہوتی ہے۔ نئے رنگ، نئی خوشبو، نئی راہیں، نئی منزل۔ یہ وہ راستہ ہے جس کے قدم خود منزل چومتی ہے۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500  الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر،   مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف  کے ساتھ  [email protected]  پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس۔

ڈاکٹر ذیشان الحسن عثمانی

ذیشان الحسن عثمانی

ڈاکٹر ذیشان الحسن عثمانی فل برائٹ فیلو اور آئزن ہاور فیلو ہیں۔ ان کی تصانیف http://gufhtugu.com/authors/zeeshan-ul-hassan-usmani/ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ وہ کمپیوٹر سائنس، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور معاشرتی موضوعات پر باقاعدگی سے لکھتے ہیں۔ آج کل برکلے کیلی فورنیا، امریکہ میں ایک فرم میں چیف ٹیکنالوجی آفیسر ہیں۔ آپ ان سے [email protected] پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔