الیکشن شفاف ہوئے تون لیگ برسر اقتدار آئیگی، نوازشریف

آن لائن  اتوار 4 نومبر 2012
عوام نااہل حکمرانوں سے بیزار ہوچکے،ساڑھے 4سالوں میں ملک کو تباہ وبرباد کردیا گیا۔ فوٹو: فائل

عوام نااہل حکمرانوں سے بیزار ہوچکے،ساڑھے 4سالوں میں ملک کو تباہ وبرباد کردیا گیا۔ فوٹو: فائل

کوٹری: مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے کرپشن کے تاریخی ریکارڈ توڑ دیے۔

ساڑھے 4 سالوں میں ملک کو تباہ وبرباد کردیا ، ہر ادارہ مقروض ہوچکا ہے، بدترین مہنگائی کی وجہ سے عوام ذہنی مریض بن گئے، سندھ میں دہرے بلدیاتی نظام کی سخت مخالفت کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کی سوچ رکھتی ہے، عوام نااہل حکمرانوں سے بیزار ہوچکے ہیں، صوبہ سندھ پارٹی کا قلعہ ہے، یہاں کی عوام کے حقوق غصب کیے جارہے ہیں، کارکن آئندہ الیکشن کی تیاری شروع کردیں، آئندہ انتخابات اگر شفاف ہوئے تو ن لیگ برسر اقتدار آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر حیدرآباد ڈویژن کے صدر خالد عزیز آرائیں سے ملاقات کے دوران کیا۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ سندھ ہماری پارٹی کا قلعہ ہے، آئندہ الیکشن میں سندھ سے بھاری کامیابی حاصل کریں گے، ہم سندھی بھائیوں کے ہر دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں، سندھ میں امن وامان کی صورتحال خطرناک ہے، کراچی بدامنی کی لپیٹ میں ہے، کرپشن مافیا، معاشی اور سیاسی دہشت گردوں نے آج ملک کے اہم ترین اداروں کو تباہ کردیا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ نااہل حکمران ہیں، کرپشن کا علاج ضروری ہے، الیکشن کمیشن آزاد اور خود مختیار ہونا چاہیے۔

مسلم لیگ ن ملک کو درپیش مسائل سے نجات دلائے گی، کوئی بھی غیر آئینی اقدام قبول نہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین آج بھی دربدر ہیں، متاثرہ علاقوں میں آج بھی سیلابی پانی کی نکاسی نہ ہوسکی جو حکمرانوں کی نااہلی ہے، سندھ کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے اس مشکل وقت میں ہم اپنے سندھی بھائیوں کی اقتدار کے بغیر بھی ہر ممکن مدد کریں گے۔ انھوں نے خالد عزیز آرائیں سے کہا کہ وہ آئندہ الیکشن کی تیاری اور عوام سے رابطہ مہم شروع کردیں، آئندہ انتخابات اگر شفاف ہوئے تو ن لیگ برسر اقتدار آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔