بینظیرقتل کیس میںساڑھے 3ماہ بعددوبارہ تفتیشی افسرمقرر

قیصر شیرازی  اتوار 4 نومبر 2012
مقدمے کی تیزی کیساتھ سماعت شروع کرانیک افیصلہ،سرکاری گواہ شارٹ لسٹ  فوٹو: فائل

مقدمے کی تیزی کیساتھ سماعت شروع کرانیک افیصلہ،سرکاری گواہ شارٹ لسٹ فوٹو: فائل

راولپنڈی: سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس کی تیزی کے ساتھ سماعت شروع کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اس اہم ترین مقدمہ کا ساڑھے3ماہ بعد ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خالدرسول کو باقاعدہ تفتیشی آفیسر مقررکر دیا گیا ہے جو آئندہ ہفتے چارج سنبھالیں گے یہ اس سے قبل بھی تفتیشی آفیسر تھے مگر ان کا تبادلہ کر دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ پراسیکیوشن نے اس مقدمے کے گواہان کی بھی شارٹ لسٹنگ کی ہے جس کے مطابق114سرکاری گواہان میں سے اب صرف33 گواہان کے بیان ریکارڈکرائے جائیں گے، 81 گواہان کو ترک کر دیا گیا ہے، اس مقدمے کی تیزی کے ساتھ سماعت کیلیے دائردرخواست پر ہائیکورٹ میں 6نومبرکو سماعت ہوگی۔گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر1نے بینظیر بھٹوقتل کیس کی سماعت10نومبر تک ملتوی کر دی اور آئندہ تاریخ پر2لیڈی ڈاکٹرز سمیت5گواہوں کو گواہی کیلیے طلب کر لیا ۔

وکلاء کی ہڑتال کے باعت کیس کی سماعت نہ ہوسکی۔اس مقدمے کے سینئر پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار علی نے رابطہ پر ایکسپریس کو بتایا کہ بینظیربھٹوقتل کیس 5سال سے زیر التواء ہے،ٹرائل عدالت انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت اس کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کی پابند ہے، اس کیلیے ہم ہر قانونی فورم کا دروازہ کھٹکھٹائیںگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔