بھارتی فرم کا زیکا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ

ویب ڈیسک  بدھ 3 فروری 2016
غیر سر گرم ویکسین جانوروں کے کلینکل ٹیسٹ کی اسٹیج پر آگئی ہے اور جلد دستیاب ہوگی، فرم حکام، فوٹو؛ فائل

غیر سر گرم ویکسین جانوروں کے کلینکل ٹیسٹ کی اسٹیج پر آگئی ہے اور جلد دستیاب ہوگی، فرم حکام، فوٹو؛ فائل

نئی دلی: امریکا اور یورپ میں اپنے زہر سے کئی لوگوں کوشکار کرنے کے بعد زیکا وائرس ایشیا کی جانب بڑھ رہا ہے اسی لیے یہاں اس کے خلاف دوا کی تیاری پر تحقیق بڑھا دی گئی جب کہ ایک بھارتی فرم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے وائرس کے خلاف مؤثر علاج کے لیے ویکسین تیار کی ہے جس سے ہزاروں جانوں کو بچایا جا سکے گا۔

بھارت بائیوٹیک کے سی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ زیکا کے علاج پر ایک سال قبل ہی کام شروع کردیا تھا اور اب ویکسین تیار کرلی گئی ہے جس کی وجہ سے ان کی کمپنی دنیا کی پہلی کمپنی بن گئی ہے جس نے باقاعدہ زیکا ویکسین ایجاد کرلی ہے۔ فرم کا تفصیلات بتاتے ہوئے کا کہنا تھا کہ زیکا کے علاج کے لیے دو ویکسین بنائی جا رہی ہیں جن میں ایک غیر سر گرم ویکسین جانوروں کے کلینکل ٹیسٹ کی اسٹیج پر آگئی ہے اور جلد دستیاب ہوگی۔

فرم کے حکام کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق سب سے متاثرہ ملک برازیل سمیت اب تک 23 ممالک اس سے متاثر ہوچکے ہیں جب کہ اس سے بچے کی پیدائش کو متاثر ہونے کے 3530 کیسز سامنے آ چکے ہیں جسے مائیکروسی فیلے کا نام دیا گیا ہے۔ زیکا وائرس مچھر ایڈیس جینس سے جنم لیتا ہے جو عام طور پر انتہائی چھوٹے پانی کے تالابوں میں بھی پرورش پاتا ہے جب کہ اس سے متاثرہ مریض کو ڈینگی، پیلا بخار اور ویسٹ نیل وائرس کا شکار ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔