بلدیہ عظمیٰ: مالی بحران سنگین، انتظامی و مالیاتی امور شدید متاثر

ایکسپریس اردو  جمعرات 19 جولائی 2012
بلدیہ عظمیٰ مالی بحران پر قابو پانے کیلیے کوئی متبادل انتظام کرنے میں ناکام،ادارے کے ملازمین کی ایک یونین نے آج ہڑتال کی کال دیدی

بلدیہ عظمیٰ مالی بحران پر قابو پانے کیلیے کوئی متبادل انتظام کرنے میں ناکام،ادارے کے ملازمین کی ایک یونین نے آج ہڑتال کی کال دیدی

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کو ماہانہ بنیادوں پر ملنے والی آکٹرائے ضلع ٹیکس کی گذشتہ ماہ کی قسط تاحال نہیں مل سکی جس کے باعث ادارے کا مالی بحران سنگین سے سنگین تر ہوتا جارہا ہے، بلدیہ عظمیٰ اپنے مالی بحران پر قابو پانے کے لیے کوئی متبادل انتظامات کرنے میں بھی قطعی طور پر ناکام رہی ہے حتی کہ اپنے ملازمین کو تنخواہوں تک کی ادائیگی نہیں کرسکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت سے بلدیہ عظمیٰ کو ہر ماہ آکٹرائے ضلع ٹیکس کی مد میں ساڑھے تین سو ملین روپے کی رقم ملتی ہے جس سے بلدیہ عظمیٰ اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی اور روز مرہ کے امور نمٹاتی ہے تاہم گذشتہ ماہ کی قسط نہ ملنے کے سبب اس کا مالی بحران شدت اختیار کرتاجارہا ہے، ہزاروں ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی نہیں ہوسکی،

بلدیہ عظمیٰ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے محکمہ فنانس نے بلدیہ عظمیٰ کو اطلاع کردی ہے کہ صوبائی حکومت کی طرف سے رقم اسٹیٹ بینک کو بھیج دی گئی ہے تاہم طے شدہ طریقہ کار کے تحت اسٹیٹ بینک یہ رقم نیشنل بینک اور وہاں سے بلدیہ عظمیٰ کے اکاؤنٹ میں منتقلی ہوتی ہے تاہم تاحال یہ رقم اسٹیٹ بینک سے نیشنل بینک کو منتقل نہیں ہوئی، توقع ہے کہ جمعرات یا جمعہ تک یہ عمل مکمل ہوجائے گا جس کے فوری بعد تنخواہوں کی ادائیگی کردی جائے گی۔

جبکہ دوسری طرف ذرائع نے بتایا کہ اگر جمعرات کی صبح تک یہ رقم منتقل نہیں ہوئی تو آئندہ منگل تک تنخواہوں کی ادائیگی ممکن نہیں ہے کیونکہ ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل ہے اور پیر کو زکوٰۃ کی کٹوتی کے لیے بینک بند ہونگے، دوسری طرف تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، ان ملازمین کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے رقم کی فراہمی میں تاخیر کی ہے تو اس کی سزا ہمیں کیوں دی گئی ہے، یہ بلدیہ عظمیٰ کی ذمے داری ہے کہ وہ ہماری تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائے،

بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے ، ادارے کے ملازمین کی ایک یونین نے جمعرات کو سوک سینٹر میں ہڑتال کی کال دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ جمعرات کی دوپہر 12بجے سوک سینٹر میں تالہ بندی کردی جائیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔