بلوچستان،پنجاب سے تعلق رکھنے والے3افراد کی ٹارگٹ کلنگ

نمائندگان ایکسپریس  پير 5 نومبر 2012
سسر کو حج کی مبادکباد دینے آنیوالا بھی گولیوں کا نشانہ بن گیا،فائرنگ سے ایک زخمی

سسر کو حج کی مبادکباد دینے آنیوالا بھی گولیوں کا نشانہ بن گیا،فائرنگ سے ایک زخمی

کوئٹھ: کوئٹہ اور اندرون صوبہ ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں لیڈی ڈاکٹر سمیت پانچ افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

گولیوں سے چھلنی دوافراد کی نعشیں برآمدکرلی گئیں دس روز قبل اغوا ہونے والے نوجوان کو بازیاب کرالیاگیا،پولیس کے مطابق اتوار کوکوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ ماسٹرکالونی کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایک شخص نصیب رضا کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے، مقتول رکشے میں اپنے سسر عبدالغفار کو حج کی مبارکباد دینے آیاتھا کہ رکشے سے اترتے ہی گولیوں کا نشانہ بنادیاگیا ،کوئٹہ کے علاقے نیو سریاب پولیس اسٹیشن کی حدود سے پولیس کو ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے فائرنگ کرکے اور خنجروں کے وار سے قتل کیاگیا تھا ،شیخ زید ہسپتال کی حدود میں ڈاکٹر نے گھریلو مسئلے پر مبینہ تشدد کرکے اپنی بیوی لیڈی ڈاکٹر طیبہ کو قتل کردیا۔

پولیس ملزم کو گرفتارکرلیا ،اے ون سٹی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے حاجی عبدالکریم کو شدید زخمی کردیا جو گھر سے نماز پڑھنے مسجد جارہاتھا ،پشین سے نمائندے کے مطابق سرخاب مہاجر کیمپ میں ہفتے کی شب لاپتہ ہونیوالے نوجوان محمود بارکزئی کی لاش اتوار کو قریبی پہاڑی سے ملی جسے چھ گولیاں مارکر قتل کیا گیاتھا ،تربت کے علاقے مند بلو میں موٹرسائیکل سواروں نے بس اڈے پر فائرنگ کرکے ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے محمد خالد محمد ابراہیم اور حافظ آباد کے محمد وقاص کو قتل کردیا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، لیویز نے نعشوں کو ہسپتال پہنچایا جہاں ضروری کارروائی کے بعد ان کی نعشیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی جائیں گی، ڈیرہ مرادجمالی سے نمائندے کے مطابق پولیس نے دس روز قبل اغوا ہونیوالے علی احمد جمالی کو قبہ شیرخان کے علاقے سے بازیاب کرالیا تاہم کوئی گرفتاری میں میں نہیں آئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔