آئندہ الیکشن میں ہیرا پھیری کی گنجائش نہیں ہوگی، کائرہ

ایکسپریس نیوز  پير 5 نومبر 2012
ملک کو مسائل سے نکالنا ہے تو صرف باکردار افراد کو ووٹ دیں،وفود اورمیڈیاسے گفتگو، فوٹو: فائل

ملک کو مسائل سے نکالنا ہے تو صرف باکردار افراد کو ووٹ دیں،وفود اورمیڈیاسے گفتگو، فوٹو: فائل

لالہ موسیٰ: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے مختلف وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے کہ لوگوں کو روزگار ملے، سسٹم کی بہتری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

بلوچستان کے حالات یقینا پریشانی کا باعث ہیں، بلوچستان کے متعلق بہت سے فیصلے لیے ہیں جس کی وجہ سے استحکام آیا ہے مگر ابھی بھی بہت سے چیلنجز باقی ہیں، اگلے الیکشن میں لوگوں کو اپنا مستقبل نظر آ رہا ہے اس لیے وہ کہتے ہیں کہ الیکشن منصفانہ نہ ہونے کا خطرہ ہے، وہ اپنے غیر ضروری خطرات کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ آئینی طور پر غیرجانبدار حکومتیں ہونگی، آزاد الیکشن کمیشن ہوگا، عدلیہ اسے دیکھ رہی ہو گی، اس میں کسی قسم کی ہیرا پھیری کی گنجائش نہیں ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی کام حلقہ کے عوام کا حق ہیں اور یہ میرا فرض اور ڈیوٹی بھی ہے۔

آپ نے مجھے دو مرتبہ ووٹ دے کر کامیاب کروایا، اسمبلی میں بھیجا، پارٹی نے مجھے وزارتیں دیں اور میں نے اپنی ہر ممکن کوشش کی کہ آپ کی دی ہوئی عزت کی پگ کو کوئی داغ نہ لگنے دوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ووٹ کے صحیح استعمال سے ہی ملک میں بہتری آ سکتی ہے، جب تک آپ گلیوں نالیوں، تھانہ کچہری کے لیے ووٹ دیں گے اور امیدوار کے کردار کو دیکھے بغیر اسے منتخب کر کے اسمبلیوں میں بھیجیں گے تو ایسے کردار کے لوگ مضبوط ہو کرملک میں مزید خرابیاں پیدا کریں گے، اگر ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنا ہے تو صرف باکردار افراد کو ہی ووٹ دیں۔ قمر زمان کائرہ نے ڈیرہ کائرہ پر لوگوں کے مسائل بھی سنے اور مختلف وفود سے ملاقات بھی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔