خون کی ہولی کھیلنے والے انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں،اے این پی

ایکسپریس اردو  جمعرات 19 جولائی 2012
 اے این پی کے عہدیداروں اور ہمدردوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ فوٹو/ایکسپریس

اے این پی کے عہدیداروں اور ہمدردوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ فوٹو/ایکسپریس

کراچی: اے این پی سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ گذشتہ دو ہفتوں سے عوامی نیشنل پارٹی کے ذمے داران ،کارکنان اور ہمدردوں پر ظلم و ستم کی انتہاہو چکی ہے،رمضان کی آمد سے چند روز پہلے خون کی ہولی کھیلنے والے انسانیت کے نام پر بد نما داغ ہیں، غریب پختون محنت کشوں کو شہید کرنے والے عالمی سامراجی ایجنڈے پر عمل پیراہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جاری اعلامیے کے مطابق گذشتہ روز شیر پائو کالونی میں گھر کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالے سندھ کونسل کے ممبر اور پختون ایس ایف کے سابق جنرل سیکریٹری شہید فضل امین کی تدفین ان کے آبائی گائوں طورو مایار مردان میں کی گئی، اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی حمایت اللہ مایار سمیت کارکنان اور عہدیداران کی بہت بڑی تعداد موجود تھی،

علاوہ ازیں عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیار ولی خان اور صوبائی صدر سینیٹر شاہی سید نے ہنگو میں مسافر وین میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور اس واقعے میں12قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، باچاخان مرکز سے جاری ایک مذمتی بیان میں انھوں نے کہا کہ ملک کا امن سبوتاژ کرنے والے پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، انھوں نے کہا کہ نہتے عوام پر حملے بزدلانہ فعل ہے اور ایسی مذموم کارروائیوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔