40فیصد کمیشن پرایکسپریس میڈیاکے مشکور ہیں، اخبار فروش

ایکسپریس اردو  جمعرات 19 جولائی 2012
مسائل کے شکار اخبار فروش متحد ہوجائیں، حمید ڈاڈا، عامر افضال، اجلاس سے خطاب

مسائل کے شکار اخبار فروش متحد ہوجائیں، حمید ڈاڈا، عامر افضال، اجلاس سے خطاب

حیدرآباد: آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکریٹری جنرل ٹکا خان کی ہدایت پر بنائی جانے والی اخبار فروشوں کی سندھ کمیٹی کا اجلاس ہوا، انجمن اخبار فروشاں حیدرآباد کے تحت میڈیا سینٹر اخبار مارکیٹ میں فیڈریشن میں نائب صدر برائے سندھ چوہدری عبدالستار کے زیر صدارت اجلاس میں آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن اور اے پی این ایس کی کمیٹیوں کے درمیان ملک بھر کے اخبار فروشوںکے لیے40 فیصد کمیشن کے لیے ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات کو زیر بحث لایا گیا اور اخبار فروشوں کے آئندہ کے معاملات پر غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری عبدالستار نے کہا کہ ہمارا مطالبہ صرف40 فیصد کمیشن کا ہے اور ہم اپنا یہ جائز مطالبہ منوانے میں انشا اللہ تعالیٰ ضرور کامیاب ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ اخبار فروشوں کا40 فیصد کمیشن کا مطالبہ دراصل اس انڈسٹری کی بقا کا ضامن ہے کیوں کہ اگر اخبار فروش کو موجودہ حالات میں صحیح معاوضہ نہیں ملا تو پاکستان کی اخبار انڈسٹری محنتی اخبار فروشوں سے محروم ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے اس انڈسٹری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا اس لیے اخباری مالکان، فیڈریشن کے مطالبے پر عملدرآمد کرائیں اور ملک بھر میں اخبار فروش کے لیے چالیس فیصد کمیشن کا فارمولا رائج کرائیں،

مرکزی انجمن اخبار فروشاں کراچی کے جنرل سیکریٹری عبدالحمید ڈاڈا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے سندھ کے اخبار فروش متحد ہوجائیں اور اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کریں، ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی اخبار فروشوں کو کمزور سمجھا گیا تو ہم نے اپنے اتحاد سے ثابت کیا کہ ہم پورے ملک میں ایک بند مٹھی کی طرح ہیں جو مکا بن جاتی ہے تو اس کی طاقت کا اندازہ سب کو ہوجاتا ہے، انھوں نے کہا کہ ٹکا خان عباسی کو اس بات کا ادراک ہے کہ اندرون سندھ کے بعض علاقوں میں اخبار فروش مسائل کا شکار ہیں اس لیے مسائل کے شکار اخبار فروش متحد ہوں اپنی تنظیم کو مضبوط کریں، فیڈریشن اور ملک بھر کی اخبار فروش تنظیمیں ان کے ساتھ ہوں گی،

انجمن اخبار فروشاں حیدرآباد کے صدر سید عامر افضال شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کسی بھی ادارے یا مالکان اخبارات سے کوئی جھگڑا نہیں، 40فیصد کمیشن ہمارا حق ہے اور ہم ان اداروں اور مالکان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو اخبار فروشوں کو 40 فیصد کمیشن دے رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ پورے ملک بالخصوص سندھ کے اخبار فروش متحد ہو کر ٹکا خان کے ہاتھ مضبوط کریں تا کہ ملک بھر کے اخبار فروش چالیس فیصد کمیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوں،

اجلاس سے انجمن اخبار فروشاں کے جنرل سیکریٹری عبدالحکیم منان، میرپورخاص کے ایوب مہر، سانگھڑ کے ابراہیم کھوسہ، عاجز منگی، پرویز ناز، نوابشاہ کے محمد اشرف، حیدرآباد کے عمران شریف، رفیق کریمی اور جنید خانزادہ نے بھی خطاب کیا جبکہ اجلاس میں انجمن اخبار فروشاں حیدرآباد کے جوائنٹ سیکریٹری صغیر احمد، اسلم قریشی، نیوز پیپر ایجنٹ طاہر شاہ، ساجد کریمی اور اراکین مجلس عاملہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعہ حاجی اقبال نون کو سندھ کمیٹی کا صدر اور سید عامر افضال شاہ کو جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا،

اجلاس میں40 فیصد کمیشن دینے پر ایکسپریس میڈیا گروپ کی مینجمنٹ کا شکریہ بھی ادا کیا گیا کہ جس کے نئے سندھی اخبار سندھ ایکسپریس کی تقیسم پر اخبار فروشوں کو 40 فیصد کمیشن دیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔