سمکاک پاکستانی کرکٹرزکی صلاحیتوں کے معترف

ذوالفقار بیگ / نمائندہ خصوصی  منگل 23 فروری 2016
 عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم اور وقار یونس کی ویڈیوز دیکھ کر بہت کچھ سیکھا فوٹو: اے ایف پی/فائل

 عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم اور وقار یونس کی ویڈیوز دیکھ کر بہت کچھ سیکھا فوٹو: اے ایف پی/فائل

دبئی: پیٹ سمکاک پاکستانی کرکٹرز کی صلاحیتوں کے معترف ہیں، جنوبی افریقی اسٹار کا کہنا ہے کہ کھیل کی باریکیاں سمجھنے کیلیے ہمیں عمران خان،جاوید میانداد، وسیم اکرم اور وقار یونس  کی ویڈیوز دکھائی جاتی رہیں، موجودہ پلیئرز بھی صلاحیتوں سے مالا مال اور روشن مستقبل کی امید ہیں، پاکستان سپر لیگ نے ٹیلنٹ نکھارنے کیلیے نئی راہیں کھول دیں۔

تفصیلات کے مطابق پیٹ سمکاک کا کہنا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں کرکٹ کا ایک جنون ہے،اس ملک نے ہر دور میں قدرتی صلاحیتوں سے مالا مال مایہ ناز کرکٹرز پیدا کیے ہیں، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس کا شمار عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں  نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ماضی میں  جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو ان عظیم کرکٹرز کی ویڈیو دکھائی جاتی تھیں  تاکہ کھیل کی باریکیاں سمجھ سکیں، میں نے خود بھی اپنی مہارت بہتر بنانے کیلیے ان سے مدد لی تھی، فاسٹ اور اسپن بولنگ میں تو پاکستان کرکٹ سے ہمیشہ حیران کردینے والا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے۔

موجودہ پلیئرز بھی صلاحیتوں سے مالا مال اور روشن مستقبل کی امید ہیں، پاکستان سپر لیگ میں اس کی کئی جھلکیاں نظر آئی ہیں،اولین ایڈیشن کا انعقاد پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایک اچھا  اقدام ہے جس نے ٹیلنٹ نکھارنے کیلیے نئی راہیں کھول دی ہیں، امید ہے مستقبل میں  نہ صرف کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا بلکہ پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان میں بھی ہوگا،غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، توقع کرتا ہوں کہ آئندہ کے ایڈیشن میں مزید سپر اسٹارز ایونٹ کی رونقوں میں اضافہ کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔