لیلیٰ نے نرگس کی تعریفیں شروع کردیں، اسٹیج کی ’’ڈانسنگ کوئین‘‘ قرار دیدیا

شوبز رپورٹر  جمعرات 3 مارچ 2016
نرگس باکمال فنکارہ اور ڈانسر ہیں مجھ سمیت کئی لڑکیوں نے انھیں دیکھ کرسیکھا ہے،لیلیٰ فوٹو: فائل

نرگس باکمال فنکارہ اور ڈانسر ہیں مجھ سمیت کئی لڑکیوں نے انھیں دیکھ کرسیکھا ہے،لیلیٰ فوٹو: فائل

لاہور: فلم اسٹار لیلیٰ نے اداکارہ نرگس کو اسٹیج ڈراموں کی ڈانسنگ کوئین قراردیدیا۔ نرگس جیسا نہ کوئی تھا اورنہ ہی کوئی ہوسکتا ہے۔

اعضاء کی شاعری کا فن جس طرح سے نرگس نے لائیو پرفارمنس میں پیش کیا، یہ انداز کسی دوسرے کونصیب نہیں ہوا۔ وہ باکمال فنکارہ اورباصلاحیت ڈانسر ہیں، نوجوان اداکاراؤں اوررقاصاؤں کو ان سے سیکھنا چاہیے۔ ان خیالات کااظہار لیلیٰ نے گزشتہ روزاداکارہ نرگس کے فن کے اعتراف میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں کیا۔ اس موقع پرانھوں نے نرگس کوجہاں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، وہیں ان کی اسٹیج پرواپسی پرمٹھائی بھی تقسیم کی۔

تقریب میں پروڈیوسر ملک طارق، ڈائریکٹر اجمل ملک،شاہد خان ،حامد رنگیلا،آشا چوہدری،وسیم پنوں،ڈریس ڈیزائنر بابو،ظہور سمراٹ،ضمیر عباس کاہلو،موسیقار رونق علی رونقی، چاند برال، ببو رانا، برجو ، میک اپ آرٹسٹ عمرسمیت دیگرموجود تھے۔ اس موقع پرلیلیٰ کا کہنا تھا کہ تھیٹر کی دنیا میں نرگس کا کوئی مقابل تھا اورنہ ہی ہوگا میں ان کے فن کی ہمیشہ سے قدردان اور پرستارہوں۔ جتنی دیر وہ تھیٹرسے دور رہیں اسٹیج ویرانی کا منظر پیش کرتا رہا۔ نرگس کا کام دیکھ کر مجھ سمیت لاتعداد لڑکیوں نے کام سیکھا ہے۔

بہت سی اداکاراؤں اوررقاصاؤں نے نرگس کی تھیٹر سے دوری کے بعد بہت کوشش کی کہ وہ ان کی جگہ لے لیں اوراس حوالے سے انھوں نے بہت سے دعوے بھی کیے لیکن کسی کوبھی وہ مقام نہ مل سکا۔ اس کے ساتھ ساتھ نرگس کے دور میں تھیٹرکوجوعروج ملا اس میں بھی بے پناہ کمی دکھائی دی۔ انھوں نے کہا کہ نرگس جیسی پرفارمر صدیوں میں ایک بار پیدا ہوتی ہے۔

میں ان کی شوبز میں شاندار واپسی پر ان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں میری دعا ہے کہ وہ یوں ہی ہمیشہ اپنے فن کا جادو جگاتی رہیں اور ان سے سیکھتی رہوں ۔ ایک سوال کے جواب میں لیلیٰ نے کہا کہ بہت سے نئے پروجیکٹس میں جلوہ گرہورہی ہوں اورآنے والے کچھ عرصہ میں فلم، ٹی وی اورتھیٹرپر منفرد کام کرتی دکھائی دونگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔