سلمان خان کی کوششیں رائیگاں ملائکہ اروڑہ کا ارباز سے طلاق لینے کا فیصلہ

دبنگ خان نے اپنی بھابھی سے ملاقات کرکے تمام گلے شکوے دور کرنے کی درخواست کی تھی۔


ویب ڈیسک March 12, 2016
دبنگ خان نے اپنی بھابھی سے ملاقات کرکے تمام گلے شکوے دور کرنے کی درخواست کی تھی، فوٹو؛ فائل

بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کی اپنے بھائی ارباز خان اور ان کی اہلیہ ملائکہ اروڑہ کے درمیان صلح کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوگئی ہیں جس کے بعد اب ان کی بھابی نے باقاعدہ طلاق لینے کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان اپنے بھائی ارباز خان اور بھابھی ملائکہ اروڑہ خان کے درمیان اختلافات کو دور کرانے کے لیے سرگرم تھے جس کے لیے انہوں نے بھابھی سے ملاقات کرکے تمام گلے شکوے دور کرنے کی درخواست کی تھی جس پر اداکارہ کی جانب سے اختلافات ختم کرنے کی امید دلائی گئی تھی تاہم اب ایک بار پھر ارباز اور ملائکہ کے درمیان اختلافات نے شدت اختیار کرلی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کے بھائی ارباز خان اور بھابھی ملائکہ اروڑہ خان کے درمیان صلح کروانے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوگئی ہیں اور ان کی بھابھی ملائکہ اروڑہ نے ارباز خان سے 18 سالہ رفاقت ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے بعد وہ طلاق کے لیے آئندہ چند روز میں باقاعدہ عدالت سے رجوع کریں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں میڈیا نے اداکار ارباز خان اور ملائکہ اروڑہ خان کے درمیان اختلافات کی وجہ ارجن کپور کی اداکارہ سے بڑھتی ہوئی قربتیں کو قرار دیا گیا تھا۔

مقبول خبریں