لانڈھی ،ملزمان کی دکان میں لوٹ مار، فائرنگ سے خریدار ہلاک

ایکسپریس اردو  جمعـء 20 جولائی 2012
لانڈھی :ڈکیتی کی واردات کے بعد دکان کے سامنے مکین جمع ہیں جبکہ پولیس موبائل بھی موجود ہے (فوٹو / ایکسپریس)

لانڈھی :ڈکیتی کی واردات کے بعد دکان کے سامنے مکین جمع ہیں جبکہ پولیس موبائل بھی موجود ہے (فوٹو / ایکسپریس)

کراچی:  لانڈھی میں مٹھائی کی دکان پر لوٹ مار کرنے والے ملزمان نے فائرنگ کرکے خریدار کو ہلاک کردیا، مشتعل افراد نے دو ڈاکوؤں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا، تفصیلات کے مطابق لانڈھی تھانے کی حدود لانڈھی نمبر6میں عبدالغفار سوئٹ میں تین مسلح ملزمان داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کردی اس دوران دکان میں خریداری کیلیے آنے والے35سالہ شاکر حسین نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی

جس کے نتیجے میں شاکر حسین چہرے اور سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا، فائرنگ کے بعد ملزمان دکان سے فرار ہونے لگے تو دکان پر تعینات سیکیورٹی گارڈز نے فائرنگ کردی جس سے ملزمان زخمی ہوگئے جس کے بعد علاقے کے لوگوں نے انھیں گھیر لیا اور دو ملزمان کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا،

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ملزمان کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا، ایس ایچ او لانڈھی ملک مظہر نے بتایا کہ ملزمان مٹھائی کی دکان میں لوٹ مار کررہے تھے کہ لوگوں نے انھیں پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا، انھوں نے بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص شاکر حسین ہلاک ہوگیا، انھوں نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت اقبال اور شاہد کے نام سے ہوئی ہے ملزمان برمی بنگالی ہیں جن کے قبضے سے دو پستول ملے ہیں

انھوں نے بتایا کہ ملزمان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا ، مقتول شاکر حسین کورنگی نمبر5سیکٹر 36-Cکا رہائشی اور اسپیئر پارٹس کی دکان پر کام کرتا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔