دہشتگردی کیخلاف فوج کی خدمات قابل قدر ہیں،اسفندیار

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 10 نومبر 2012
کے ای ایس سی بیان بازی کی بجائے سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی میں جواب دے،شاہی سید   فوٹو: فائل

کے ای ایس سی بیان بازی کی بجائے سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی میں جواب دے،شاہی سید فوٹو: فائل

کراچی: عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی ملکی سلامتی ودہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی خدمات وقربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اورقانون کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کے کردار پر بھرپور یقین رکھتے ہیں۔

پارلیمنٹ عوام کی امیدوں اور ا قتدار کا مظہر سپریم ادارہ ہے اور ملکی پالیسیوں ومفادات کا تعین پارلیمنٹ کا بلا شرکت غیر ے حق ہے،جاری کیے گئے ایک بیان میں اسفندیارولی خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ آئینی اداروں کے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ان کے استحکام کی جدوجہد کی ہے کیونکہ ریاستی امور کے بطریق احسن چلانے کیلیے ضروری ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود کے اندر رہ کر کام کریں اور آئین کے تشریح کردہ و طے کردہ دائرہ کار سے تجاوز نہ کریں ۔

دریں اثنا عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر وسینیٹ کیاسٹینڈنگ کمیٹی برائے پانی و بجلی کے رکن سینیٹر شاہی سید نے کے ای ایس سی کے ترجمان کے موقف کو سینیٹ کی توہین قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے غریب عوام کا خون چوسنے و قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قومی خزانے اور ملک کی انڈسٹریز کو نقصان پہنچانے کی ذمہ دار کمپنی کو اس طرح کے توہین آمیز موقف کا حق حاصل نہیں،سینیٹر شاہی سید نے کہا ہزاروں مزدوروں کو ملازمتوںسے نکالنے اور کراچی کو اندھیروں میں ڈبونے اور اضافی اوسط بلز کی بنیاد پر شہریوں سے اربوں روپے ماہانہ بٹورنے والے کے ای ایس سی کی ناقص کارکردگی بہت بڑا سوال ہے،انھوں نے کہا ہمارا کے ای ایس سی کے ترجمان کو مشورہ ہے کہ وہ بیان بازی کی بجائے اپنے چیف ایگزیکٹو کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں پیش ہوکر جواب دینے کا مشورہ دیں ورنہ عوام کے نمائندے ان کی گرفتاری کا آئینی حق ضرور استعمال کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔