متحدہ جمعے کو سیاسی طاقت کا بھرپورمظاہرہ کرے گی

عمیر علی انجم  منگل 15 مارچ 2016
یوم تاسیس پر جناح گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان، اہم شخصیات کی متحدہ میں شمولیت متوقع ۔ فوٹو: فائل

یوم تاسیس پر جناح گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان، اہم شخصیات کی متحدہ میں شمولیت متوقع ۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  ایم کیوایم رواں ماہ 18 مارچ کوجناح گراؤنڈ میں بھرپورسیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ موجوہ صورت حال میں فی الحال دیکھو اور انتظارکروکی پالیسی پرگامزن ہے۔

متحدہ کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ 32 ویں یوم تاسیس کو منانے کیلیے بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں،18 مارچ کو جناح گراونڈ میں ایک بڑا جلسہ کیا جائے گا جس میں ایم کیو ایم کی قیادت اور رہنما خطاب کریں گے، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ جلسہ مخالفین کو ان کی باتوں کا جواب دے گا اور تمام سیاسی مخالفین کو سندھ کے عوام اپنی شرکت سے بتا دیں گے کہ حالات کیسے بھی ہوں عوام کے دلوں میں ایم کیو ایم اور اس کی قیادت آج بھی زندہ ہے۔

متحدہ کی قیادت کے درمیان اس حوالے سے مشاورت جاری ہے اور انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس جلسے میں اہم شخصیات ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان بھی کر سکتی ہیں اور18مارچ کو یوم تاسیس کا جناح گروانڈ میں ہونے والا جلسہ ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔