سندھ پولیس کوبجلی چوروں کی گرفتاری کا ٹاسک دیدیا گیا

ملک منظور احمد  ہفتہ 10 نومبر 2012
 کارروائی سے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی،ریونیو بھی بڑھے گا، چیف سیکریٹری فوٹو: فائل

کارروائی سے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی،ریونیو بھی بڑھے گا، چیف سیکریٹری فوٹو: فائل

اسلام آ باد: حکومت سندھ نے وزارت پانی و بجلی کی درخواست پر صوبے بھر میں بجلی چوری روکنے، بلز اور ریونیو کی ریکوری کو یقینی بنانے کے لیے ہر ڈسکوز میں ایک ڈی ایس پی کی قیادت میں 40 پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

پولیس افسران اور اہلکاروں کو بجلی چوری میں ملوث عناصر اور واجبات ادا نہ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری حکومت سندھ راجا محمد عباس نے ’’ایکسپریس‘‘ کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے وزارت پانی و بجلی کی درخواست پر ہر ڈسکوز کے علاقے میں ایک ڈی ایس پی کی نگرانی میں 40 پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس فیصلے پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

بجلی چوری میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی اس سے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں بڑی مدد ملے گی اور ریونیو میں بھی اضافہ ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔