اوول ٹیسٹ رنز کیلیے کک کی بھوک سنچری سے بھی ختم نہ ہوئی

ایکسپریس اردو  جمعـء 20 جولائی 2012
لندن: اوول ٹیسٹ کے پہلے دن انگلش اوپنر الیسٹر کک اسٹروک کھیل رہے ہیں، انھوں نے کیریئر کی 20 ویں سنچری بنائی (فوٹو ایکسپریس)

لندن: اوول ٹیسٹ کے پہلے دن انگلش اوپنر الیسٹر کک اسٹروک کھیل رہے ہیں، انھوں نے کیریئر کی 20 ویں سنچری بنائی (فوٹو ایکسپریس)

لندن:  اوول ٹیسٹ میں رنز کیلیے کک کی بھوک سنچری سے بھی ختم نہ ہوسکی، پہلے دن وہ ناقابل شکست 114 رنز پر پویلین واپس گئے، جوناتھن ٹروٹ 71 کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، دونوں نے دوسری وکٹ کیلیے 170 کی شراکت کی، جنوبی افریقی بولرز 90 اوورز کی مشقت میں صرف 3 ہی وکٹیں لے سکے، انگلینڈ نے 267 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق نمبر ون ٹیم کیلیے جنگ کا جمعرات کو اوول میں آغاز ہوا،

بیٹنگ وکٹ پر ٹاس جیتنے کے بعد اینڈریواسٹروس، الیسٹر کک کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے کیلیے میدان میں اترے، انھوں نے اپنے فیصلے کو غلط ثابت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور چوتھی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، ابتدا میں امپائر اسٹیو ڈیوس نے انھیں ناٹ آئوٹ قرار دیا ، ریویو پر حق میں فیصلے پر مورن مورکل خوشی سے سرشار دکھائی دیے، اس موقع پر کک اور ٹروٹ نے ذمہ دارانہ انداز اپنایا، یوں پروٹیز کیلیے وکٹ کا حصول جوئے شیر لانے کے برابر ہو گیا،

دونوں نے اسکور کو 170 تک پہنچا دیا، ٹروٹ کو 71 رنز پر مورکل نے میدان بدر کیا، کیچ وکٹ کیپر ڈی ویلیئرز نے تھاما، کک بدستور ڈٹے رہے، انھوں نے تیسری وکٹ کیلیے کیون پیٹرسن کے ساتھ81 رنز کی شراکت بنائی، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے منتخب نہ ہونے پر مایوس رائٹ ہینڈر بیٹسمین کی اننگز42 رنز پر ختم ہوئی،

کیلس نے انھیں ڈی ویلیئرز کی مدد سے رخصت کیا، جس وقت پہلے دن کا کھیل ختم ہوا انگلش ٹیم 90 اوورز میں 3 وکٹ پر 267 رنز بنا چکی تھی، کک نے 283 گیندوں پر ناقابل شکست 114 رنز اسکور کیے، یہ ان کے کیریئر کی 20 ویں سنچری ہے،اس اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل رہا، ای ین بیل 10 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، پروٹیز پیسر مورن مورکل نے 44 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔