جی ایس پی پلس یورپی شرائط پوری صنعتوں کو بلا تعطل توانائی کی فراہمی پر زور

یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس کی توثیق سے پہلے ہمیں خود کو تیار کرنا ہوگا، عبدالرؤف عالم


Business Reporter March 17, 2016
یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس کی توثیق سے پہلے ہمیں خود کو تیار کرنا ہوگا، عبدالرؤف عالم فوٹو : فائل

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالرؤف عالم نے کہا ہے کہ پاکستان داخلی مسائل بالخصوص توانائی اور امن وامان کی صورتحال کی وجہ سے یورپی یونین کی جانب سے دی جانے والی سہولت جی ایس پی پلس سے خاطر خواہ فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا، توانائی کے بحران کی وجہ سے صنعتیں 55فیصد پیداواری صلاحیت بروئے کار لارہی ہیں اور 45فیصد استعداد استعمال نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک کو برآمدات میں سالانہ 2 ارب ڈالر تک اضافے کی توقع تھی، سال 2014-15 میں یورپی ممالک کوبرآمدات6.84 ارب ڈالر رہیں جو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے قبل 2012-13میں5.67 ارب ڈالر تھیں، جی ایس پی پلس کا متوقع اور بھرپور فائدہ نہ اٹھایا جا سکا جس کی اصل وجہ داخلی مسائل بشمول توانائی بحرا ن اور امن و امان کی صورت حال ہے جن کی وجہ سے صنعت کار برآمدات میں اضافے کے لیے مناسب قیمت پر اشیا کی پیداوار نہ کر سکے۔

عبدالرؤف عالم نے زور دیاکہ یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس کی توثیق سے پہلے ہمیں خود کو تیار کرنا ہوگا اور برآمدات کے لیے مسابقتی اہلیت کو ثابت کرنا ہوگا۔ انھوں نے 2 اہم نکات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ توانائی کے بحران کو فوری طور پر ختم کیا جائے کیونکہ اس کی وجہ سے پاکستانی صنعتیں پیداواری صلاحیت کا 45 فیصد سے زائد حصہ استعمال نہیں کر پا رہیں جو زائد لا گت اور پیداوار میں کمی کا بڑا سبب ہے جبکہ دوسرا اہم نکتہ یورپی یونین کی شرائط پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے جو آئندہ کے لیے جی ایس پی پلس کی توثیق کے لیے ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ یورپی یونین کی شرائط پر عمل درآمد پا کستان کے لیے سماجی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ان شرائط کا تعلق ماحولیات، غربت میں کمی اور مزدورں کے لیے صحت مند ماحول کی فراہمی سے ہے۔ عبدالرؤف عالم نے کہاکہ انھوں نے ایف پی سی سی آئی میں جی ایس پی پلس ڈیسک کا انچارج گلزار فیروز کو بنایا ہے جو یورپی ممالک کے ساتھ تجارت میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ساتھ ہی ایف پی سی سی آئی کی مجلس قائمہ برائے ماحولیات کے بھی چیئرمین ہیں۔

اس موقع پر گلزار فیروز نے جی ایس پی پلس کے بارے میں آگہی کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ ایف پی سی سی آئی رواں ماہ کے آخر میں جی ایس پی پلس پرسیمینار منعقد کرے گا جس میں برآمدکنندگان اور پبلک سیکٹرز سے پالیسی ساز شرکت کریں گے۔

مقبول خبریں