پٹھان کوٹ واقعہ؛ پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم 27 مارچ کو بھارت کا دورہ کرے گی

ویب ڈیسک  جمعرات 17 مارچ 2016
 سشما سوراج کے ساتھ خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی،مشیر  خارجہ ۔ فوٹو: اے ایف پی

سشما سوراج کے ساتھ خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی،مشیر خارجہ ۔ فوٹو: اے ایف پی

کھٹمنڈو: مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے سارک کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی کو شرکت کی دعوت دی جب کہ فیصلہ کیا گیا کہ پٹھان کوٹ واقعے پرپاکستان کی تحقیقاتی ٹیم 27 مارچ کو بھارت کا دورہ کرے گی۔

نیپال کے شہرکھٹمنڈو میں سارک کانفرنس کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے سشما سوراج کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سارک کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ بھی دیا جب کہ انہوں نے نیپال، بھوٹان اور مالدیب کو بھی رواں سال پاکستان میں ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ دیا۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ سشما سوراج کے ساتھ خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی جس میں پاک بھارت تعلقات سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی اور اس نئی پیش رفت سے مثبت نتائج مرتب ہوں گے،  وزیراعظم نواز شریف 31 مارچ کو نیویارک جارہے ہیں امید ہے نیویارک میں پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات ہوگی۔

بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ سرتاج عزیز سے ملاقات میں پٹھان کوٹ واقعے پر بھی تبادلہ خیال ہوا جس کی وجہ سے دونوں ممالک کی قیادت میں رابطوں کا التوا آیا تاہم اب واقعے کی تحقیقات کے لیے پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم 27 مارچ کو بھارت پہنچے گی جو 28 مارچ سے اپنا کام شروع کردے گی۔

اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان ناشتے کی ٹیبل پرغیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں سارک ممبرممالک کے دیگر وزرائے خارجہ بھی موجود تھے جب کہ سرتاج عزیز اور سشما سوراج ایک دوسرے کے قریب کرسیوں پر براجمان تھے جہاں خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دونوں ممالک کے سیکرٹری خارجہ نے بھی نیپال کے شہر پورکھا میں ملاقات کی تھی۔ دونوں ممالک کے درمیان سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات بھارت میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر ہونے والے واقعہ کے بعد سے التوا کا شکار ہیں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کے لیے پاکستان کی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کے 6 ممبران کو ویزا جاری کردیئے گئے ہیں جب کہ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کی بھارت آمد رواں ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہے تاہم حتمی تاریخوں کا اعلان پاکستانی ہائی کمیشن اوروزارت خارجہ کے درمیان باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو پٹھان کوٹ ایئربیس تک رسائی اورنیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرکا بیان ریکارڈ کرنے دینے کے حوالے سے فیصلہ کرنا ابھی باقی ہے جب کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کوپٹھان کوٹ ایئربیس کےاندرجانے کی اجازت دینے میں کوئی اعتراض نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔