دبئی اسنوکر: نوپون کی ٹائٹل فتح،محمدآصف فائنل میں ناکام

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 11 نومبر 2012
پاکستان کے نمبرون کیوئسٹ محمد آصف کو دبئی انٹرنیشنل اوپن اسنوکر کے فائنل میں شکست ہوگئی۔ فوٹو: ایکسپریس / فائل

پاکستان کے نمبرون کیوئسٹ محمد آصف کو دبئی انٹرنیشنل اوپن اسنوکر کے فائنل میں شکست ہوگئی۔ فوٹو: ایکسپریس / فائل

کراچی: پاکستان کے نمبرون کیوئسٹ محمد آصف کو دبئی انٹرنیشنل اوپن اسنوکر کے فائنل میں شکست ہوگئی، بیسٹ آف 9 فریمز کے فیصلہ کن معرکے میں انھیں تھائی لینڈ کے نوپون سیناگاکھام نے5-2 سے زیر کیا، سیناگاکھام نے ابتدائی فریم 60-10 سے جیتا۔

آصف نے بھرپور کم بیک کرتے ہوئے دوسرا فریم 60-49 سے اپنے نام کیا، اگلے دو فریمز میں پاکستانی پلیئر کو60-40 اور 69-9 سے ناکامی کا سامنا رہا، پانچویں فریم میں آصف نے ایک مرتبہ پھر ہمت دکھائی اور63-31 سے ملنے والی کامیابی کی بدولت خسارہ کم کیا لیکن پھر اگلے دو فریمز میں 74-27 اور 64-46 سے ملنے والی ہار نے انھیں ٹرافی سے محروم کردیا۔ دریں اثنا فائنل تک کے سفر میں شاندار کارکردگی پیش کرنے والے آصف نے آخری مقابلے میں اپنی غلطیوں پر پچھتاوا ظاہر کیا ہے۔ نمائندہ ’’ ایکسپریس‘‘ نبیل ہاشمی سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں اپنے اہم ترین میچ میں عمدہ کھیل پیش نہیں کرپایا،میںابتدائی رائونڈ کے میچز کی کارکردگی فیصلہ کن معرکے میں دہرانے میں ناکام رہا، میں اس سے بہت مایوس ہوں، آصف نے مزید کہا کہ میںایونٹ جیت کر ملک کے لیے باعث فخر بننا چاہتا تھا لیکن آج کا دن میرے لیے سازگار نہیں تھا۔

سیناگاکھام نے پورے میچ میں کنٹرول حاصل کیے رکھا اور دوران کھیل کوئی غلطی نہیں کی جس کی وجہ سے مقابلے میں میرے لیے واپسی کی راہ پانا انتہائی مشکل بنا رہا، آصف نے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کے اینڈی لی کو زیر کیا جبکہ اس سے قبل شام کے عمر الخوجہ سے بھی ان کا مقابلہ خاصا دلچسپ رہا جس میں انھوں نے 5-4 سے فتح پائی تھی،آصف نے لیگ مرحلے میں بھی اپنے تینوں میچز جیتے تھے، ایونٹ میں شریک پاکستان کے دوسرے کیوئسٹ اسجد اقبال نے افتتاحی دن ایشیا کے نمبر3 کھلاڑی ہانگ کانگ کے او چی وائی کیخلاف حیران کن طور پر کامیابی کی بدولت ناک آئوٹ مرحلے میں رسائی پائی،ان کا سفر سیمی فائنل میں اینڈی لی کے ہاتھوں شکست پر تمام ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔