بہتر پیشکش کے بغیر پاکستان کیلیے نہیں کھیلوں گا ،اظہر محمود

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 11 نومبر 2012
aVor mHmwd ny نے آخری مرتبہ ٹیم کی نمائندگی2007 کے ورلڈ کپ میں کی تھی. فوٹو: فائل

aVor mHmwd ny نے آخری مرتبہ ٹیم کی نمائندگی2007 کے ورلڈ کپ میں کی تھی. فوٹو: فائل

کراچی: آل رائونڈر اظہر محمود نے واضح کیا ہے کہ وہ بہترپیشکش کے بغیر پاکستان کی جانب سے نہیں کھیلیں گے۔

انھوں نے آخری مرتبہ ٹیم کی نمائندگی2007 کے ورلڈ کپ میں کی تھی، تاہم اب ٹوئنٹی 20 لیگز میں بہتر کارکردگی کی وجہ سے وہ دوبارہ سلیکٹرز کی گڈ بک میں شامل ہوچکے ہیں،ذرائع کے مطابق دورئہ بھارت کیلیے ان کے نام پر غور بھی کیا جارہا ہے مگر اظہر محمود جذبات کے بجائے پروفیشنل رویہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیے بیٹھے ہیں۔ نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ میں نے سناکہ میرے نام پر غور کیا جارہا ہے یہ میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہو گی مگر مجھے یقین نہیں کہ صرف ایک سیریز کیلیے پاکستان آنے پر راضی ہوجائوں گا، مجھے اپنا ذہن بنانے کیلیے بہتر پیشکش کی ضرورت ہوگی کیونکہ پہلے میرے ساتھ جو ہوا میں اسے نہیں بھول پایا ہوں، میں اب کوئی نوجوان کھلاڑی نہیں، میرے کیریئر کا سورج غروب ہونے والا ہے، اس لیے مجھے ہرصورت اپنے مستقبل کو محفوظ بنانا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ میرا اپنی کائونٹی کے ساتھ کنٹریکٹ اور کئی ٹوئنٹی 20 لیگز سے تعلق ہے، صرف ایک سیریز کیلیے ان سب کو خطرے میں ڈالنا کسی طور مناسب نہیں ہوگا۔ گذشتہ برس برطانوی شہریت حاصل کرنے والے اظہر نے سائیڈ لائن کیے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ میرا کیا قصور تھا؟میں ورلڈ کپ میں صرف ایک میچ کھیل سکا تھا اس کے بعد باہر کردیا گیا اورکسی نے بھی توجہ کے قابل نہیں سمجھا، البتہ دیگرکھلاڑیوں کو لیگز کی بنیاد پر منتخب کیا جاتا رہا، میرا 2010 کا سیزن کافی اچھا رہا، میں نے اس وقت کی سلیکشن کمیٹی کو کئی فون کالز کیں مگر کسی نے میری بات نہیں سنی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔