الطاف حسین ملک کی سلامتی کے لیے کوشاں ہیں،محمد شریف

پ ر  اتوار 11 نومبر 2012
ہمیں قائد اعظم کے نظریے کے مطابق ملک کو روشن خیال بنانا ہوگا، علی رضا و دیگر  فوٹو: فائل

ہمیں قائد اعظم کے نظریے کے مطابق ملک کو روشن خیال بنانا ہوگا، علی رضا و دیگر فوٹو: فائل

حیدر آباد: متحدہ قومی موومنٹ کے زونل انچارج محمد شریف نے کہا ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین ملک کی بقاء و سلامتی کیلیے کوشاں ہیں۔ وہ سیکٹر بی میں نوجوانوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اجلاس میں رکن زونل کمیٹی مبین احمد کے علاوہ سیکٹر و یونٹس کے ذمے داران و کارکنان بھی موجود تھے۔ محمد شریف نے کہا کہ آج کے پاکستان کو دہشت گردی و مذہبی انتہاء پسندی سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے اور ان کے خاتمے کیلیے نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ نوجوان طبقہ ہی ملک کے بہتر مستقبل کا ضامن ہے، معاشرے کی تشکیل میں ہمارے نوجوانوں کا کردار ریڑھ کی ہڈی جیسا ہے۔

نوجوان طلبہ و طالبات کے روشن مستقبل کیلیے ہمیں پاکستان سے دہشت گردی و مذہبی انتہا پسندی کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔اور ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریے کے مطابق سیکولر، ڈیموکریٹک، لبرل اور روشن خیال پاکستان بنانا ہوگا۔ اجلاس سے اے پی ایم ایس او حیدرآباد کے سیکٹر آرگنائزر علی رضا وکیل نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں سیکٹر ایچ میں خواتین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد زون شعبہ خواتین کی انچارج ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ قائد تحریک ملک کو خطرات سے نکالنے کے لیے عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔ الطاف حسین مذہبی انتہاپسندی اور خواتین پر مظالم کیخلاف ایک چٹان ہیں۔ اجلاس سے شعبہ خواتین کی دیگر ذمے داران نے بھی خطاب کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔