کچی شراب پینے سے مسیحی برادری کے 2 افراد ہلاک،ایک کی بینائی متاثر

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 11 نومبر 2012
 کچی شراب پینے سے 2 افراد ہلاک جبکہ ایک کی بینائی متاثر ہوگئی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کچی شراب پینے سے 2 افراد ہلاک جبکہ ایک کی بینائی متاثر ہوگئی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

حیدر آباد: لطیف آباد نمبر 10 میں کچی شراب پینے سے 2 افراد ہلاک جبکہ ایک کی بینائی متاثر ہوگئی۔

تینوں کا تعلق مسیحی برادری سے ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کچی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں میں 40 سالہ یونس مسیح اور35 سالہ شہزاد عرف پولا مسیح شامل ہیں جبکہ 28 سالہ شوکت مسیح کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔ مذکورہ افراد نے 4 نومبر کو تھانہ حسین آباد کے علاقے یونٹ نمبر 4 میں واقع شاہ کے اڈے سے کچی شراب خرید کر پی تھی جس کے باعث ان کی حالت خراب ہوگئی اور 5 نومبر کو دونوں افراد دم توڑ گئے جبکہ شوکت کی جان تو بچ گئی لیکن اس کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کچی شراب پینے کے نتیجے میں دو افراد کی ہلاکت اور ایک کی بینائی متاثر ہونے کی اطلاع بی سیکشن پولیس کو مل گئی جس کے بعد پولیس نے دونوں متوفیوں کے لواحقین اور بینائی متاثر ہونے والے شخص سے رابطہ کر کے مقدمہ درج کرانے کا کہا لیکن متاثرہ خاندان نے کارروائی کرنے سے انکار کردیا اور پولیس سے درخواست کی کہ اس واقعے کوخفیہ رکھا جائے کیونکہ اس سے ان کی بدنامی ہوگی، جس پر متعلقہ پولیس نے پولیس حکام کو واقعہ کے متعلق آگہی دیتے ہوئے خاموشی اختیار کر لی جبکہ متعلقہ پولیس نے حسین آباد پولیس کو ان کے علاقے میں قائم کچی شراب کے اڈے کے متعلق پوری معلومات بھی فراہم کی لیکن تاحال حسین آباد پولیس کی جانب سے کچی شراب کے اڈے کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔