حکمرانوں کی تباہی کو جادو گر ہی ٹھیک کر سکتا ہے،ممتاز بھٹو

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 11 نومبر 2012
حیدرآباد: مسلم لیگ ن کے رہنما ممتاز بھٹو سرکٹ ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔ فوٹو : عدیل احمد / ایکسپریس

حیدرآباد: مسلم لیگ ن کے رہنما ممتاز بھٹو سرکٹ ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔ فوٹو : عدیل احمد / ایکسپریس

حیدر آباد: مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ سندھ سردار ممتاز علی بھٹو نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے پاکستان میں جو تباہی پھیلائی اسے کوئی جادوگر ہی ٹھیک کرسکتا ہے ۔

ملک کو نئے سرے سے تعمیر کرنا ہوگا، اس حکومت سے جان چھڑانا ملک کو تباہی سے بچانے کی جانب پہلا قدم ہوگا۔ سرکٹ ہاؤس انیکسی میں نون لیگ کے صوبائی رہنما ایوب شر، خالد عزیزآرائیں، حنیف صدیقی ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنسکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اب مزید تباہیکا متحمل نہیں ہوسکتا، عام انتخابات میں ڈھائی ماہ باقی ہیں لیکن حالات اور کرپشن کی وجہ سے یہ عرصہ بھی طویل دکھائی دیتا ہے، ملکی معیشت تباہ ہوچکی، خزانہ خالی ہے اور کوئی پاکستان کی مدد کو تیار نہیں، حکومت کی حالت یہ ہے کہ اس کے پاس قرضوں کا سود ادا کرنے تک کے پیسے نہیں ۔

کرپشن آسمان چھورہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکمران فوری طور پر عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریںاور الیکشن عدلیہ اور فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں۔ ممتاز بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی دوسرے تمام صوبوں سے ختم ہوچکی ہے جبکہ اسکے سندھ کارڈ کی حیثیت بھی اب باقی نہیں رہی انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی دونوں حکومتیں کرپشن کی وجہ سے ختم کی گئیں جبکہ نواز شریف کی حکومتوں کو فوج نے ختم کیا، نواز شریف کیخلاف کرپشن کاکوئی کیس نہیں جبکہ آصف زرداری پر 13 مقدمات ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ سے متعلق سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اقتدار کا حصہ بن جانا متحدہ کی مجبوری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔