لیاقت آباد میں پانی و بجلی کی عدم فراہمی پر مکین سراپا احتجاج

اسٹاف رپورٹر  اتوار 11 نومبر 2012
پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پر لیاقت آباد کے مکین سراپا احتجاج بن گئے، بجلی کا کھمبا، درختوں کی جھاڑیاں سڑک پر پھینک کر ٹریفک کو معطل کررکھا ہے۔ فوٹو : عرفان علی / ایکسپریس

پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پر لیاقت آباد کے مکین سراپا احتجاج بن گئے، بجلی کا کھمبا، درختوں کی جھاڑیاں سڑک پر پھینک کر ٹریفک کو معطل کررکھا ہے۔ فوٹو : عرفان علی / ایکسپریس

کراچی: لیاقت آباد میں پانی و بجلی کی عدم فراہمی کے باعث علاقہ مکین سڑک پر نکل آئے اور احتجاج کیا ۔

مظاہرین نے بتایا کہ گجر نالے پر تعمیراتی کام کی وجہ سے ان کے علاقے میں 3 روز سے بجلی بند ہے جبکہ پانی کی سپلائی بھی معطل ہے،کام کے دوران بجلی کی تنصیبات ہٹادی گئیں اور کسی قسم کے کوئی متبادل انتظامات نہیں کیے گئے ، اس دوران نامعلوم افراد نے گجر نالہ پل پر رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی جبکہ ٹائر بھی نذر آتش کیے ، مظاہرے کے باعث ناظم آباد اور لیاقت آباد 10 نمبر کے درمیان ٹریفک معطل ہوگیا اور اطراف کے علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد 4 نمبر کے علاقے میں پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث گزشتہ روز علاقہ مکین سڑک پر نکل آئے اور احتجاج کیا ۔

مظاہرین نے ایکسپریس سے گفتگو میں بتایا کہ 4 نمبر اور متصل علاقے میں گزشتہ تین روز سے بجلی غائب ہے جس کی وجہ سے ان کے معمولات زندگی شدید متاثر ہیں اور ان کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ، گھروں میں خصوصاً خواتین اور بچوں کو انتہائی دشواریوں کا سامنا ہے ، بجلی نہ ہونے کے باعث علاقے میں پانی کی فراہمی بھی معطل ہے اور وہ دہرے عذاب میں مبتلا ہیں ، مظاہرین نے مزید بتایا کہ علاقے میں گجر نالے پر تعمیراتی کام جاری ہے جس کے دوران بجلی کے کھمبے اور دیگر تنصیبات یہاں سے منتقل کردی گئی ہیں لیکن علاقے میں بجلی کی فراہمی کے متبادل انتظامات نہیں کیے گئے ہیں جس کا خمیازہ علاقہ مکینوں کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کی ناقص پالیسیوں کے باعث وہ گزشتہ تین روز سے پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ، مظاہرے کے دوران نامعلوم افراد نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کردیں ، اس دوران نامعلوم افراد نے سڑک پر ٹائر بھی نذر آتش کیے اور گاڑیوں پر پتھرائو کیا جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، مظاہرے کے باعث ناظم آباد اور لیاقت آباد 10 نمبر کے درمیان ٹریفک معطل ہوکر رہ گیا ، احتجاج کی وجہ سے ناظم آباد فلائی اوور ، سائٹ ایریا ، ناظم آباد 7 نمبر ، میٹرک بورڈ آفس جبکہ دوسری جانب لیاقت آباد ، کریم آباد ، نیرنگ ، لیاقت آباد ڈاکخانہ ، گلشن اقبال ، عیسیٰ نگری اور متصل شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔