گورنرکاکالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کیلیے عطیہ کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  اتوار 11 نومبر 2012
سی پی ایس پی نے ملک میں اعلیٰ طبی تعلیم وتربیت کو فروغ دیا،کانفرنس سے خطاب. فوٹو: پی پی آئی/ فائل

سی پی ایس پی نے ملک میں اعلیٰ طبی تعلیم وتربیت کو فروغ دیا،کانفرنس سے خطاب. فوٹو: پی پی آئی/ فائل

کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان ملک میں اعلیٰ طبی تعلیم وتربیت کے فروغ کے ساتھ ساتھ ملک میں ماہرین کی تیاری اورصحت کے شعبے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہاہے۔

جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اورعالمی طبی اداروں سے مربوط ہے اور رائل کالج آف انگلینڈ اینڈ آئر لینڈکے مطابق پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کے ذریعے ملک و قوم کا نام روشن کررہاہے،اس کے معیار میں مسلسل اضافہ خوش آئند ہے، انھوں نے ان خیالات کا اظہار کالج کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں ہونے والی جوائنٹ سائنٹیفک کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرکالج کے صدر پروفیسرظفر اللہ چوہدری، دی کالج آف میڈیسن سائوتھ افریقہ کے صدر انیل مداری، رائل کالج آف فزیشن کے آرنلڈرونالڈو اور سعودیہ ہیلتھ مشن کے فیصل عبد العزیز نے بھی خطاب کیا،گورنر سندھ نے شیلڈز تقسیم کیں اور کالج آف فزیشنزاینڈ سرجنز پاکستان کیلیے ایک کروڑ روپے کے عطیہ کا بھی اعلان کیا،گورنر نے خطاب میں کہا کہ سی پی ایس پی میڈیکل ایجوکیشن میں نہ صرف ملک بلکہ خطے کی خدمت کررہا ہے۔

یہاں سے فارغ التحصیل طلبا دنیابھر میں پاکستان کانام روشن کررہے ہیں،انھوں نے کہا کہ ادارے نے50سال کے دوران ترقی کے مدارج عبور کیے ہیں اور آج ایک عالمی سطح کا بہترین ادارہ بن چکا ہے، انھوں نے کانفرنس میں 19 ممالک کی شرکت پرمسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ180 سے زائد مندوبین کی جانب سے ورک شاپ ،مذاکروں اور مقالو ں کے علاوہ ماہرانہ لیکچرز سے فیلوز کو پیشہ وارانہ معاونت حاصل ہو گی، کالج کا نظام تعلیم کمپیوٹر لائبریری سمیت جدید تقاضوں کے مطابق ہے جس سے تربیت حاصل کرنے والوں کوعملی میدان میں کارکردگی بہتر بنانے میں ملتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔