شاہ فیصل ٹائون میں ناجائز تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع

اسٹاف رپورٹر  اتوار 11 نومبر 2012
 محرم میں جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی اور روشنی کا موثر انتظام کیا جائے گا، آفاق سعید

محرم میں جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی اور روشنی کا موثر انتظام کیا جائے گا، آفاق سعید

کراچی: ایڈمنسٹریٹروچیف آفیسر شاہ فیصل ٹائون کمال مصطفی کی ہدایت پر محکمہ ریگولیشن اور انسداد تجاوزات سیل نے شاہراہوں ،سروس روڈز سے تجاوزات ، مختلف شاہراہوں پر غیرقانونی ٹیکسی ورکشہ اڈوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

گزشتہ دو روز کے دوران شاہ فیصل ٹائون کی مختلف شاہراہوں سے درجنوں تجاوزات اور 5 غیر قانونی گاڑیوں کے اسٹینڈز کا خاتمہ کرکے شاہراہوں کو ٹریفک کیلیے رواں بنادیا گیا ہے،ایڈمنسٹریٹر و چیف آفسیرملیر ٹائون ڈاکٹر مختار پلیجو نے کہا ہے کہ حق پرست نمائندوں کی مشاورت و تعاون سے سعودآباد چورنگی تا ملیر 15 نکاسی آب کے منصوبے کے لیے پی سی ون بنا کر بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر اور ایم ڈی محکمہ نکاسی وآب کو بھجوادی گئی ہے، اس منصوبے پر جلدکام کا آغاز ہوجائیگا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے واٹر بورڈ اور ٹائون افسران کے ہمراہ سیوریج لائن کی مرمت کے کام کا معائنہ کر تے ہوئے کیا۔

چیف آفیسر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مرمت کے کام کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر وچیف آفیسر کورنگی ٹائون سمیع خان نے یونین کونسل 9کے ماڈل پارک کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے ہدایت جاری کی کہ درختوں اور پودوں کی حفاظت کی جائے اور پارک میں نئے پودے لگائے جائیں۔ نیو کراچی ٹائون کے ایڈمنسٹریٹر آفاق سعید نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں صفائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں گے، جلوسوں کی گزرگاہوں پر روشنی کا انتظام کردیا گیا ہے اور اس ماہ مقدس میں علمائے کرام سے خصوصی رابطہ کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔