ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھے جائیں گے، سربراہ پاک فوج

ویب ڈیسک  منگل 22 مارچ 2016

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کیلیے بحالی کے کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھرسے دہشت گردی وانتہا پسندی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھے جائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشن ضرب عضب میں پیشرفت اور متاثرہ علاقوں میں بحالی واقتصادی ترقی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جب کہ آرمی چیف نے شوال میں آپریشن کے آخری مرحلے پراطمینان کا اظہار کیا۔ ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردوں کےسلیپرسیلز کے خاتمے کے لیے خفیہ اداروں کی کارروائی کوسراہتے ہوئے کہا کہ شوال آپریشن میں اچھی پیش رفت ہورہی ہے اور آپریشن ضرب عضب کے آخری مرحلے میں 650 مربع کلومیٹر کا علاقہ  صاف کردیا گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل عاصم باوجوہ کے مطابق آرمی چیف نے اپنے دورے میں فوجی دستوں اور قبائلی عمائدین کے ساتھ دن گزارا اور عمائدین سے ملاقات بھی کی، اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے بحالی کے کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی گھروں کو واپسی بروقت اور باعزت بنائی جائے جب کہ عمائدین کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردوں کو اپنے علاقوں میں کبھی واپس نہیں آنے دیں گے۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے میران شاہ میں یونس خان اسپورٹس کمپلیکس کاسنگ بنیاد رکھا جو آرمی انجینئرز تعمیر کریں گے جب کہ اس موقع پر کرکٹر یونس خان بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔