ملک کو طالبانائزیشن کی طرف نہیں جانے دیں گے، فضل کریم

نمائندگان ایکسپریس  اتوار 11 نومبر 2012
 نظام مصطفیٰ کا نفاذ چاہتے ہیں،مظہر سعید ، اداروں کا ٹکرائو نہیںہونا چاہیے ریاض شاہ . فوٹو: اے ایف پی

نظام مصطفیٰ کا نفاذ چاہتے ہیں،مظہر سعید ، اداروں کا ٹکرائو نہیںہونا چاہیے ریاض شاہ . فوٹو: اے ایف پی

ملتان: ماعت اہلسنت پاکستان کے زیر اہتمام راولپنڈی سے شروع ہونیوالا ’’لبیک یارسول ؐ اللہ لانگ مارچ‘‘ گزشتہ روز میاں چنوں خانیوال سے ہوتا ہوا ملتان پہنچ گیا۔

شاہ رکن عالم کالونی بہاولپور روڈ پر جماعت اہلسنت کے کارکنوں نے لانگ مارچ کے شرکاکا پرجوش استقبال کیا۔ لانگ مارچ کی قیادت جماعت اہلسنت پاکستان کے امیر صاحبزادہ علامہ سید مظہر سعید کاظمی، ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ‘ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کررہے تھے، اس موقع پر ’’تحفظ ناموس رسالتؐ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید مظہر سعید کاظمی نے کہا کہ لانگ مارچ کا مقصد ملک بھر کے سینوں کو بیدار کرنا ہے‘ آپؐ کی ناموس پر سرکٹوانا ابدی زندگی ہے‘ ہم توہین رسالت کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرسکت، قبل ازیں صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ملک کو خطرات لاحق ہیں اور سب سے بڑا خطرہ دہشتگردی کا ناسور ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے‘ حکمران ملک کو طالبانائزیشن کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دینگے ملک میں ادارے آپس میں ٹکرا رہے ہیں جو ملکی مفاد میں نہیں ہے‘ صوبائی اور مرکزی حکومت طالبان کے خلاف آپریشن کرنے کیلیے تیار نہیں جس کی وجہ سے وہ ملک میں کھل کر کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا کہ ہم سر پر کفن باندھ کر نکلے ہیں اور ناموس رسالتؐ کیخلاف کوئی بھی اقدام برداشت نہیں کیا جائیگا۔ بعدازاں لانگ مارچ بہاولپور کے راستے کراچی کی جانب روانہ ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔